AI مہارتوں کی بنیاد پر میٹا میں ملازمین کی گریڈنگ کی جائے گی

میٹا نے 2026 سے اے آئی مہارتوں کی بنیاد پر ملازمین کی گریڈنگ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میٹا کی ہیڈ آف پیپل جینیل گیل نے جمعرات کو ایک اندرونی میمو میں کہا کہ میٹا ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ اس بات کی بنیاد پر لے گا کہ وہ اے آئی کا استعمال نتائج پیدا کرنے اور پیداواریت میں نمایاں فرق ڈالنے والے ٹولز بنانے کے لیے کر رہے ہیں۔

میمو کے مطابق 2025 کی سالانہ کارکردگی جائزوں میں انفرادی اے آئی استعمال یا اپنانے کے اعداد و شمار شامل نہیں کیے جائیں گے، تاہم ملازمین کو اپنی خود کی جائزہ رپورٹ میں اے آئی سے حاصل شدہ کامیابیاں ضرور شامل کرنی ہوں گی۔

میٹا کے ایک ترجمان نے بزنس انسائیڈر میں بتایا کہ یہ سب کے لیے واضح ہے کہ یہ ترجیح ہے، اور ہم اے آئی کو ملازمین کے روزمرہ کام میں مدد دینے کے لیے استعمال کرنے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ اقدام امریکی کارپوریٹ دنیا میں اے آئی کے استعمال کی ثقافت کی جانب ایک وسیع تبدیلی کی علامت ہے، بڑی ٹیک کمپنیاں، بشمول مائیکروسافٹ، گوگل اور ایمیزون، ملازمین سے توقع رکھ رہی ہیں کہ وہ اے آئی کے ذریعے زیادہ کام کریں۔

میٹا نے اس سال کی شروعات میں اپنی بھرتی کے عمل کو بھی تبدیل کیا، جہاں امیدواروں کو کوڈنگ انٹرویوز میں اے آئی استعمال کرنے کی اجازت دی گئی، اور اندرونی گیم “لیول اپ” کے ذریعے اے آئی اپنانے کی حوصلہ افزائی کی گئی، اب وہ ملازمین کو انعام دینے کے لیے تیار ہے جو اے آئی کا استعمال کر کے معقول نتائج پیدا کریں۔

جینیل گیل نے میمو میں لکھا کہ جیسے جیسے ہم اے آئی کی فطری دنیا کی طرف بڑھ رہے ہیں، ہم ان لوگوں کو تسلیم کرنا چاہتے ہیں جو ہمیں اس راہ پر تیزی سے لے جا رہے ہیں، 2025 کے لیے ہم ان لوگوں کو انعام دیں گے جنہوں نے اپنی کارکردگی یا ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے میں غیر معمولی اے آئی اثر ڈالا۔

میٹا اس سال کے کارکردگی جائزے کے دوران اے آئی پرفارمنس اسسٹنٹ بھی متعارف کروا رہا ہے تاکہ ملازمین اپنے جائزے اور فیڈبیک میں اس کا استعمال کر سکیں، جو 8 دسمبر سے شروع ہو رہا ہے۔