جاپان: سپر مارکیٹ میں ریچھ گھس آیا

جاپان کے وسطی علاقے میں ایک ریچھ نے سپر مارکیٹ میں گھس کر دو افراد کو زخمی کر دیا، جبکہ ملک کے شمالی علاقے میں ایک اور مشتبہ ریچھ حملے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

گزشتہ چند برسوں میں جاپان میں جنگلی ریچھوں کی انسانی آبادی میں گھس آنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس کی ممکنہ وجوہات میں آبادی میں کمی اور ماحولیاتی تبدیلی شامل ہیں۔

جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق، بدھ کو شمالی ایواٹے کے پہاڑی علاقے میں ایک شخص کی لاش ملی، جسے ممکنہ طور پر ریچھ نے ہلاک کیا۔

دوسری جانب، منگل کی شام ٹوکیو کے شمال میں واقع نوماتا، گنما کی ایک سپر مارکیٹ میں 1.4 میٹر (تقریباً ساڑھے چار فٹ) لمبا بالغ ریچھ داخل ہوا۔ اس واقعے میں ستر اور ساٹھ کی دہائی کے دو مرد معمولی زخمی ہوئے۔

سپراسٹور کی انتظامیہ کے مطابق، یہ ریچھ مرکزی دروازے سے اندر داخل ہوا اور تقریباً چار منٹ تک اندر رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریچھ مچھلی رکھنے والے کیس پر چڑھنے لگا اور شیشے کو نقصان پہنچایا۔ پھلوں کے حصے میں ایواکاڈوز کا ڈھیر گرا کر اس پر چڑھ گیا۔

اس وقت دکان میں تقریباً 30 سے 40 گاہک موجود تھے، اور دکان کے منیجر کے مطابق، ریچھ باہر نکلنے کی کوشش میں بے قابو ہو گیا تھا۔

ماحولیاتی وزارت کے مطابق، اپریل سے ستمبر کے درمیان ملک بھر میں بھالو کے حملوں میں 108 افراد زخمی ہوئے، جن میں پانچ ہلاکتیں بھی شامل ہیں۔

اسی روز، ایواٹے کے ایک کسان کو اس کے گھر کے قریب ایک مادہ ریچھ اور اس کے بچے نے نوچ لیا۔

اتوار کے روز، وسطی جاپان کے سیاحتی گاؤں شیراکاوا-گو میں ایک ہسپانوی سیاح پر بھی بس اسٹاپ پر ریچھ نے حملہ کیا۔