مکہ مکرمہ اور سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش

سعودی عرب میں گزشتہ روز شدید بارشوں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام میں بارش کے دوران عمرہ زائرین نے نماز ادا کی، طواف اور عبادت کا سلسلہ جاری رکھا۔ ان مناظر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سول ڈیفنس نے پہلے ہی بارشوں کے حوالے سے انتباہ جاری کر رکھا تھا۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانی سے شدید بارش متوقع ہے جس کے باعث سیلابی ریلے، ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ عسیر، جازان اور الباحہ میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ مدینہ منورہ، ریاض، قصیم، حائل، مشرقی ریجن اور نجران میں ہلکی سے درمیانی بارشیں برسنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

سول ڈیفنس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔