سالگرہ کے تحفے نے امریکی شخص کی قسمت بدل دی

امریکی ریاست آئیوا کے شہر ڈیس موئنیز سے تعلق رکھنے والے کرسچن جانسن کے لیے سالگرہ کا تحفہ خوش قسمتی کا باعث بن گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی 42ویں سالگرہ کے موقع پر دوستوں کے ساتھ جشن منا رہے تھے جب ان کے ایک دوست نے انہیں ایک گریٹنگ کارڈ تحفے میں دیا، جس میں چند اسکریچ آف لاٹری ٹکٹس رکھے گئے تھے۔

کرسچن نے بتایا کہ ان میں سے ایک ٹکٹ انہوں نے مذاق میں اپنی گرل فرینڈ کو دے دیا تاکہ وہ اسے اسکریچ کرے۔ جب اس نے ٹکٹ اسکریچ کیا، تو فوراً ہی اس کی نظر انعام پر پڑی اور اس نے کرسچن کی توجہ اس طرف دلائی۔

پہلے تو کرسچن کو لگا کہ شاید کوئی غلط فہمی ہو رہی ہے، لیکن جب انہوں نے خود تسلی کی تو انہیں اندازہ ہوا کہ وہ ایک لاکھ ڈالر جیت چکے ہیں۔ خوشی کے اس لمحے نے انہیں پوری رات جاگنے پر مجبور کر دیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ انعامی ٹکٹ ان کے دوست نے محض ایک تحفے کے طور پر خریدا تھا، لیکن قسمت نے اسے ایک بڑی خوشخبری میں بدل دیا۔