بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع رائچور میں ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو قتل کرنے کی کوشش کی اور اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ کرشنا ندی کے کنارے پیش آیا، جہاں خاتون نے شوہر کے ساتھ سیلفی لینے کا بہانہ بنایا، موبائل فون نکالا اور پھر موقع دیکھتے ہی شوہر کو ندی میں دھکیل دیا۔
خوش قسمتی سے وہاں موجود لوگوں نے شوہر کو ندی میں ڈوبتے دیکھا تو فوراً رسی کی مدد سے اسے باہر نکال لیا۔ متاثرہ شخص نے باہر آنے کے بعد بتایا کہ اس نے خودکشی کی کوشش نہیں کی بلکہ بیوی نے دھکا دیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقامی افراد اسے پانی سے نکالنے کے لیے رسی ڈال رہے ہیں۔
ندی میں گرنے والے شخص کی شناخت تتپا کے نام سے ہوئی ہے جس نے الزام لگایا کہ اس کی بیوی نے جان بوجھ کر قتل کرنے کی کوشش کی، جبکہ اس کی اہلیہ کا مؤقف ہے کہ یہ سب ایک حادثہ تھا۔
رپورٹس کے مطابق اس جوڑے کی شادی اپریل 2025 میں ہوئی تھی لیکن چند ہی ماہ بعد ان کے تعلقات میں تنازعات شروع ہو گئے تھے۔


























