عماد وسیم نے اوور نہ کروانے کی وجہ بتادی

کراچی: پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے لاہور قلندرز کے خلاف اوور نہ کروانے کی وجہ بتادی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے لاہور قلندرز کے خلاف خود بولنگ نہ کروانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز کی جانب سے بائیں ہاتھ کے بلے باز کھیل رہے تھے تو میں نے سوچا کہ خود بولنگ کرنے کی بجائے محمد نبی سے چار اوور کروانے چاہئیں۔

عماد وسیم نے کہا کہ محمد نبی سے اوور کروائے لیکن وکٹیں نہیں ملیں، مجھے لگا کہ ہمارے پاس دوسرے بولرز بھی تھے جو مقابلہ کرلیں گے لیکن ایسا نہ ہوسکا
ان کا کہنا تھا کہ فخر زمان اور ڈیوڈ ویزے کو جیت کا کریڈٹ جاتا ہے، ہم نے بیٹنگ کے دوران آخری چار اوورز میں کم رنز بنائے، ہمیں 40 سے 50 رنز بنانے چاہئے تھے۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دی، قلندرز نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا جانے والا 187 رنز کا ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، شاہین شاہ آفریدی کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا