تاجر برادری کے درمیان شراکت داری قائم کررہے ہیں، لئیق احمد

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ شہر کو بہتر بنانے کے لئے کے تاجر برادری کے درمیان شراکت داری قائم کررہے ہیں، معاشی طور پر کراچی ایک پرکشش شہر ہے جہاں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، صرف بنیادی چیزوں کو ٹھیک کرنا ہے، تاجر برادری اپنی مارکیٹوں اور دکانوں کو خوبصورت اور خوشنما بنائے تو شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل کراچی تاجر اتحاد کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے چیئرمین عتیق میر کی سربراہی میں ایڈمنسٹریٹر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، وفد میں آرام باغ ،کلاتھ مارکیٹ، اللہ والا مارکیٹ، جامعہ کلاتھ مارکیٹ، کراچی ایڈمن سوسائٹی، صرافہ مارکیٹ اور دیگر مارکیٹوں کے صدور اور دیگر نمائندے شامل تھے جبکہ سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی، ڈائریکٹر اسٹیٹ عمران صدیقی، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کو بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور شہر میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری ان کاموں میں کے ایم سی کا بھرپور ساتھ دے گی، انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں تجاوزات اور پتھاروں کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے جبکہ گنجان جگہوں پر گاڑیوں کی پارکنگ بھی مشکل ہوتی جا رہی ہے لہٰذا ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔