لکی سیمنٹ نے پیداواری صلاحیت3.15ملین ٹن بڑھانے کا اعلان کردیا

لک میں سیمنٹ کی بڑھتی ہوئی طلب کو دیکھتے ہوئے لکی سیمنٹ نے اپنے پیزو پلانٹ میں سیمنٹ کی پیداواری صلاحیت میں 3.15ملین ٹن سالانہ اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس منصوبے پر کام کا آغاز موجودہ مالیاتی سال میں شروع ہونے کا امکان ہے اور یہ منصوبہ ڈیڑھ سے 2سال کے اندر مکمل ہوجائے گا۔ اس توسیع منصوبے سے کمپنی کی پیداواری صلاحیت 15.3ملین ٹن سالانہ ہوجائے گی۔
لکی سیمنٹ نے 31دسمبر2020کو ختم ہونے والی ششماہی میںبعدازٹیکس12.44 ارب روپے کے مجموعی منافع کا اعلان کیا ہے جس میں سے 2.08ارب روپے کا تعلق اقلیتی حصص داران (نان کنٹرولنگ انٹرسٹ)سے ہے۔ کمپنی کی فی حصص آمدنی پچھلے سال کی اسی مدت کی9.93روپے کے مقابلے میں32.05 روپے فی شیئررہی۔

مجموعی طور پرکمپنی کاٹرن اوور 56فیصد اضافے کے ساتھ پچھلے سال کی اسی مدّت کے 79.56ارب روپے کے مقابلے میں 123.72ارب روپے رہا۔

زیرِ جائزہ مدّت کے دوران کمپنی کے مجموعی خالص منافع(ہولڈنگ کمپنی کے مالکان سے منسوب)میں گزشتہ سال کی اسی مدّت کے مقابلے میں 223فیصد اضافہ ہوا۔ خالص منافع میں اضافہ کی بنیادی وجہ ہولڈنگ کمپنی کے منافع میں 134فیصد اضافہ تھاجوکہ شمال میں نئی پیداواری لائن کی استعداد کار میں اضافہ اور اخراجات میں کمی کی وجہ سے ممکن ہوا۔ آٹو موبائل کی فروخت میں نموکی وجہ سے لکی موٹر کارپوریشن کے خالص منافع نے بھی ہولڈنگ کمپنی کے خالص منافع میں اضافے کو سپورٹ فراہم کی۔
اس کے علاوہ ایل سی ایل انوسٹمنٹ ہولڈنگ لمیٹڈ نے گزشتہ سال کی اسی مدّت کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پیداواری اخراجات میں کمی، مستحکم قیمت اور فروخت کے حجم میں اضافے کی وجہ سے کانگو اور عراق دونوں پراجیکٹس کی کارکردگی بہتر رہی ۔ انفرادی بنیادوں پر لکی سیمنٹ کا مجموعی سیلز حجم35.9فیصد اضافے کے ساتھ4.99ملین ٹن رہا۔ موجودہ مالی سال کے پہلے 6ماہ میں کمپنی کی مقامی فروخت پچھلے مالی سال کے اسی عرصے کے 2.59ملین ٹن کے مقابلے میں41.2فیصد اضافے کے ساتھ 3.66ملین ٹن رہی۔
اس کے علاوہ کمپنی کا ایکسپورٹ سیلز حجم پچھلے سال کے اسی عرصے کی1.08ملین ٹن کے مقابلے میں اس سال23.3فیصد اضافے کے ساتھ1.34ملین ٹن تک پہنچ گیاہے۔ زیرِ جائزہ مدّت کے دوران ملک میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے کی وجہ سے سیمنٹ کی طلب میں اضافے اور پیزو پلانٹ کی آپریشنل استعداد میں اضافے کی وجہ سے کمپنی کی مقامی فروخت کے حجم میں اضافہ ہوا۔
اس کے علاو ہ کھلے سیمنٹ کی طلب میں اضافے کی وجہ سے کمپنی کے برآمدی حجم میںبھی اضافہ ہوا۔ انفرادی کارکردگی کے لحاظ سے لکی سیمنٹ کا مجموعی سیلز ریونیو پچھلے مالی سال کے اسی عرصے کی31.10ارب روپے کے مقابلے میں35.4فیصداضافے کے ساتھ42.11ارب روپے رہا۔ کمپنی کی نارتھ میں نئی پیداواری لائن سے حاصل شدہ پیداوار کے حجم اور افادیت میں اضافے کے نتیجے میںفی ٹن لاگت میں کمی واقع ہوئی۔
لکی سیمنٹ کا خالص منافع بعد ازٹیکس4.54ارب روپے رہا ۔ اسی طرح انفرادی بنیادوں پر کمپنی کی فی حصص آمدنی پچھلے مالی سال کی اس مدّت کی5.99روپے فی شیئر کے مقابلے میں 14.04روپے فی شیئر رہی ۔ لکی سیمنٹ کے سماواء عراق میںواقع 1.2ملین ٹن کے سیمنٹ پلانٹ نے جنوری کے تیسرے ہفتے سے آزمائشی بنیادوں پر پیداوار کا آغاز کردیا ہے اور توقع ہے کہ فروری 2021سے کمرشل پراڈکشن کا آغازہوجائے گا۔
کمپنی نے اطلاع دی ہے کہ پورٹ قاسم پر کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا سپر کریٹیکل1 X 660 میگاواٹ کا پلانٹ بھی اس سہ ماہی کے آخر تک 95فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ پراجیکٹ کے آپریشنل ہونے کیلئے ضروری انٹرکنیکشن فیسلٹی کی دستیابی کیلئے کمپنی سی پی پی اے، این ٹی ڈی سی اور پی آئی بی کے ساتھ رابطے میں ہے اور امید ہے کہ یہ منصوبہ اگلے مالیاتی سال کی پہلی سہ ماہی کے وسط تک کمرشل آپریشنز کا آغاز کردے گا۔
لکی سیمنٹ اپنے آپریشنز کے علاقے کے لوگوں اور کمینیونیٹیز کی ترقی اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ اس سلسلے میں لکیسیمنٹ کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے تحت تعلیم، خواتین کو بااختیاربنانے اورصحت کے شعبوں میں بھی خدمات انجام دے رہی ہے۔ کمپنی سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ معاشی سرگرمیوں میں اضافے کی وجہ سے سیمنٹ کی صنعت کا آئوٹ لک مثبت رہنے کا امکان ہے ۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں شمالی اور جنوبی دونوں ایریاز میں سیمنٹ کی طلب میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں سیمنٹ کی قیمتوں خاص طورپر شمال میںاستحکام دیکھا جاسکتا ہے جبکہ برآمدی سیلز بھی مستحکم رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی کو توقع ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کنسٹرکشن انڈسٹری کیلئے اعلان کردہ پیکج اور دیگر اہم اقدامات سے سیمنٹ کی طلب پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

https://www.urdupoint.com/business/news-detail/live-news-2719279.html