ماضی کے حکمرانوںنے اپنی اورحواریوں کی ترقی کو ملکی ترقی کا پیمانہ سمجھا ہوا تھا ‘ترجمان پنجاب حکومت

(ن)،پی پی کے بیگاڑ کو ٹھیک کرنے کیلئے سرجری کی ضرورت ہے ،اللہ والے ٹرسٹ تنظیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں’مسرت جمشیدچیمہ لاہور، 31جنوری2021 :ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ ملک کا نظام آئین و قانون کی بجائے ان کی مرضی کے مطابق چلے جو اب نا ممکن ہے ، ماضی کی حکومتوں نے جتنے بیگاڑ پیدا کئے ہیں وہ ڈسپرین سے ٹھیک نہیں ہو سکتے بلکہ اس کیلئے سرجری کی ضرورت ہے ، ملک کا مستقبل بے لاگ احتساب سے جڑا ہوا ہے اور اپوزیشن کو چیلنج ہے کہ حکومت کی سطح پر کرپشن کا ایک بھی کیس سامنے لائے ،اللہ والے ٹرسٹ تنظیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور ان کا کردارسنہرے حروف میں لکھنے کے قابل ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے فلاحی تنظیم اللہ والے ٹرسٹ کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر شاہد لون نے ترجمان پنجاب حکومت کو ٹرسٹ کے منصوبوںکے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ مسرت جمشید چیمہ نے ٹرسٹ کے عوامی فلاح کے منصوبوںکی بھرپور ستائش کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اللہ والے ٹرسٹ کو مختلف مخیر حضرات چلا رہے ہیں اور مستحقین کیلئے دستر خوان کا منصوبہ ان کے دیگر درجنوںعوامی فلاح کے منصوبوںمیں سے ایک قابل تعریف منصوبہ ہے ۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت بھی فلاحی ریاست کے قیام کیلئے پیشرفت کر رہی ہے اور ایسی تنظیمیں اور لوگ حکومت کیلئے رول ماڈل ہیں ۔ مسرت جمشید چیمہ نے مزید کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے عوام کی فلاح و بہبود کی بجائے اپنی اور اپنے حواریوں کی ترقی کو ملک کی ترقی کا پیمانہ سمجھا ہوا تھا جبکہ غریب دو سے ایک وقت کی روٹی پر آ گیا تھا ۔ ٭………………٭