پاکستان فورم منطقہ شرقیہ کی جانب سے الخبر کے مقامی ریسٹورنٹ میں ویلفیئر اتاشی محمود لطیف کے اعزاز میں الوادعی عشائیہ


ریاض ( ناظم علی عطاری ) پاکستان فورم منطقہ شرقیہ کی جانب سے الخبر کے مقامی ریسٹورنٹ میں ویلفیئر اتاشی محمود لطیف کے اعزاز میں الوادعی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد اور رہنماؤں نے شرکت کی۔
آغاز عرفان انصاری کی تلاوت کلام پاک اور تفسیر سے ہوا، پروگرام کے میزبان ڈاکٹر واصف فاروق نے مہمان خصوصی کا تعارف کروایا اور شرکاء کا شکریہ اداکرتے ہوئے اپنے تاثرات اور خیالات کے اظہار کا موقع فراہم کیا، جس پر انہوں نے محمود لطیف سے متعلق اپنی گفتگو کی۔ شرکاء نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ پاکستان فورم نے ایمبیسی کے ساتھ مل کر ہر مشکل وقت میں کمیونٹی کی مدد کی، انہوں نے کہا کہ ملک کو محمود لطیف جیسے قابل اور ہونہار سپوتوں کی اشد ضرورت ہے، جن نمایاں ساتھیوں نے بہترین انداز میں اپنے جذبات کا اظہار کیا ان میں انجینئر رضوان، پروفیسر وحید اسلم، میاں مرتضی،پروفیسر امین طاہر، ڈاکٹر اشرف ، چوہدری صدیق، محمود شاہ، جواد احمد، اور دیگر شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ محمود لطیف نے اپنی کارکردگی سے کمیونٹی کے دل جیتے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لی، کمیونٹی نے ان کے ساتھ تعاون کیا ۔ انہوں نے محمود لطیف کے بارے میں نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
اس کے بعد پروگرام کے میزبان نے مہمان خصوصی کو دعوت خطاب دیا۔ مہمان خصوصی محمود لطیف نے تمام معزز شرکاء کا شکریہ ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنے پیش نظر اس حدیث مبارکہ کو رکھا کہ جس کا مفہوم یہ ہے کہ”جس شخص کو اجتماعی کاموں کا ذمہ دار بنایا گیا اور اس نے اپنے آپ کو اس کے لیے نہ کھپایا تو اس کو قیامت کے روز جہنم میں اوندھے منہ پھینکا جائے گا”
انہوں نے حاضرین مجلس کے لیے اپنی نیک خواہشات اور تمناؤں کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ آپ لوگ ہمیشہ میرے ساتھ شانہ بشانہ چلے۔اپنی تعیناتی کے دوران مختلف حالات و واقعات کا ذکر کیا، کمپنیوں کے حالات اور ان سے پیدا شدہ مسائل کے حل کی کوششوں کا بھی تذکرہ کیا انہوں نے خصوصی طور پر رانا صغیر اور میاں آصف اعجاز کی خدمات کو سراہا جو انہوں نے پاکستان ایمبیسی کے ساتھ مل کر انجام دیں، دوران پروگرام انہوں نے ان دونوں افراد کو تعریفی اسناد پیش کیں جس کو شرکا نے بھی سراہا۔
انہوں نے خصوصی طور پر سعودی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا کہ جنہوں نے کمیونٹی مسائل کے حل کے لئے تعاون کیا۔
پروگرام کے آخر میں صدر پاکستان فورم نے مہمان خصوصی کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس طرح وہ ہر موقع پر اور مشکل حالات میں کمیونٹی کے ساتھ کھڑے رہے، اسی طرح پاکستان فورم بھی ہمیشہ اپنی خدمات پیش کرتا رہے گا ان شاءاللہ انہوں نے کہا کہ آپ جیسے سپوت اللّٰہ تعالیٰ کی طرف سے انعام اور نعمت سے کم نہیں ہوتے جو مشکلات سے نکالتے اور تسلی دیتے ہیں اور یہ کام جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے شرکاء کا بھی بھرپور طور پر شکریہ ادا کیا۔صدر پاکستان فورم نے کمیونٹی اور فورم کی جانب سے محترم محمود لطیف کو خوبصورت اعزازی شیلڈ پیش کی