احمد علی اکبر کا منفرد انداز

پاکستان کے معروف اداکار احمد علی اکبر کے منفرد انداز پر مداحوں کا ملا جلا ردعمل سامنے آگیا۔

احمد علی اکبر کئی ہٹ ڈراموں میں اپنی اداکاری کے لیے پہچانے جاتے ہیں، وہ برائیڈل کٹیور ویک میں بطور شو اسٹاپر ریمپ پر نظر آئے، تاہم ان کے لباس اور انداز کو مداحوں کی بڑی تعداد نے سراہنے کے بجائے تنقید کا نشانہ بنایا۔

احمد علی اکبر نے گہرے برونز رنگ کی ایمباسڈ ویلویٹ پینٹس کے ساتھ بغیر آستین کی ہم رنگ واسکٹ زیب تن کی، اس کے اوپر وکٹورین اسٹائل کا فلور لینتھ ٹرینچ کوٹ شامل تھا، جس کی اندرونی سلک لائننگ سرخ رنگ کی تھی، کریم رنگ کی رفلڈ وکٹورین کراوٹ اور کوٹ کے کالر و کف پر سنہری کڑھائی نے اس لُک کو مزید نمایاں بنایا، جبکہ ہم رنگ جوتے اس انداز کو مکمل کر رہے تھے۔

سوشل میڈیا صارفین نے احمد علی اکبر کے اس منفرد انداز پر ملا جلا ردعمل دیا۔ کچھ صارفین نے اسے ڈریکولا انسپائرڈ لُک، ہنی سنگھ جیسا انداز اور پرنس بسکٹ کا اشتہار قرار دیا، جبکہ ایک صارف نے کہا کہ وہ اس لباس میں سنوَل جادوگر لگ رہے تھے۔

کئی افراد نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈیزائنرز اداکاروں کو مسخرے بنا رہے ہیں اور احمد علی اکبر کو اس طرح کے لباس پہننے سے گریز کرنا چاہیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ احمد علی اکبر بہت ہینڈسم ہیں، براہ کرم آئندہ اس طرح کے لباس نہ پہنیں۔

دوسری طرف احمد علی اکبر کے حامیوں نے ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ لُک تاریخی یا شاہی کردار کے لیے بہترین ہے، اگر انہیں کسی تاریخی ڈرامے میں کاسٹ کیا جائے تو وہ بادشاہ کی طرح نظر آئیں گے۔