جنوبی افریقہ میں فائرنگ، 10 ہلاک اور متعدد زخمی

جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے مضافاتی علاقے بےکرزڈال (Bekkersdal) میں اتوار کو ایک مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جوہانسبرگ کے جنوب مغرب میں 25 میل دور بیکرز ڈل علاقے میں ایک ہوٹل کے باہر پیش آیا، جہاں فائرنگ کر کے 10 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوئے۔

پولیس کے بیان کے مطابق کچھ متاثرین کو گمنام حملہ آوروں نے سڑکوں پر بے ترتیب طور پر گولی ماری۔ حکام نے فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کا مقصد ابھی تک معلوم نہیں ہوا ہے۔ ابتدائی طور پر پولیس نے 10 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع دی تھی، لیکن بعد میں ہلاکتوں کی تعداد 9 پر نظرثانی کی گئی۔

فائرنگ کا واقعہ بےکرزڈال کے ایک غیر قانونی بار کے قریب پیش آیا، جو جنوبی افریقہ کے بڑے سونے کی کانوں کے نزدیک واقع ایک پسماندہ علاقہ ہے اور جوہانسبرگ کے جنوب مغرب میں تقریباً 40 کلومیٹر (25 میل) کی دوری پر واقع ہے۔

پولیس کے بیان کے مطابق حملہ آور دو گاڑیوں میں آئے تھے اور شہریوں پر فائرنگ کر کے فرار ہوگئے جس کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام نے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

یہ رواں ماہ جنوبی افریقہ میں دہشت گردی کی دوسری بڑی واردات ہے۔ اس سے قبل 6 دسمبر کو مسلح افراد نے دارالحکومت پریٹوریا کے قریب ایک ہاسٹل پر حملہ کیا تھا۔ اس واقعے میں تین سالہ بچے سمیت ایک درجن سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ ایک ایسی جگہ پر ہوئی تھی جو غیر قانونی طور پر شراب فروخت کر رہی تھی۔

واضح رہے کہ 6 کروڑ 30 لاکھ آبادی والا ملک جنوبی افریقہ دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں سنگین جرائم اور قتل کی شرح سب سے زیادہ ہے۔