اسلام آباد میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے ٹریل 7 پر نایاب جنگلی جانور یلو تھروٹڈ مارٹن کی موجودگی نوٹ کی گئی ہے
اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ کے مطابق اس نایاب جنگلی جانور کی یہاں موجودگی ایک خوش آئند اور اہم پیش رفت ہے۔
بورڈ کے مطابق یلو تھروٹڈ مارٹن ایک نہایت چوکنا اور کم نظر آنے والا جانور ہے، جس کی موجودگی اس بات کی علامت سمجھی جاتی ہے کہ متعلقہ علاقہ قدرتی طور پر صحت مند اور ماحولیاتی توازن کا حامل ہے۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ مارگلہ ہلز جیسے محفوظ علاقے میں اس جانور کا دیکھا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں کا قدرتی نظام اب بھی مضبوط ہے۔
اس طرح کے نایاب مشاہدات قدرتی مساکن کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں اور یہ یاد دہانی بھی ہیں کہ انسانی سرگرمیوں کو فطرت کے ساتھ ہم آہنگ رکھنا کتنا ضروری ہے۔
بورڈ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پارک کے دورے کے دوران مقررہ راستوں تک محدود رہیں، جنگلی حیات کو نقصان نہ پہنچائیں اور قدرتی ماحول کو اس کی اصل حالت میں برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔


























