
پی ایس ایل11رنگ دکھانے لگا، پلیئرز رجسٹریشن شروع
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل 11 کا جوش رنگ دکھانے لگا، پاکستان سمیت دنیا بھر کے شائقین کی نظریں اس اہم ترین عالمی مقابلے میں غیر ملکی کر کٹرز کی شمولیت پر مرکوز ہوگئی ہے، حکام نے لیگ کیلئے غیرملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے، کھلاڑیوں کیلئے رجسٹریشن کی آخری تاریخ آئندہ سال 20 جنوری رکھی گئی ہے۔ گیارہویں ایڈیشن میں دو نئی ٹیمیں شامل ہوں گی۔ جن کی نیلامی 8 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی۔ دو نئی فرنچائزز کے اضافے سے پی ایس ایل ٹیموں کی تعداد 8 ہو جائے گی۔ پی ایس ایل 11 کے لیے نئی فرنچائزز کی نیلامی براہِ راست نشر کی جائے گی، پی ایس ایل کا گیارہواں ایڈیشن 8 ٹیموں پر مشتمل ایونٹ ہو گا، مزید ٹیموں اور میچز سے کھلاڑیوں کے
لیے زیادہ مواقع پیدا ہوں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 11 کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، پی ایس ایل کے نئے سیزن میں 44 میچز کھیلے جائیں گے۔ ہر ٹیم کو کم سے کم 10 میچز کھیلنے کو ملیں گے۔ پی سی بی اس اہم ترین عالمی ایونٹ کے قواعد و ضوابد کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا جس کے تحت نئی ٹیموں کے ساتھ معاہدے میں سٹے بازی، کھلاڑیوں کی غیر ضروری سر گرمیوں کی روک تھام کے لئے بھی شق شامل ہونگیں، جس کے تحت ممنوعہ اشیاء کی تشہیر بھی پابندی ہوگی۔


























