کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین رفیق خاصخیلی نے ضلعی صدور کی میٹنگ میں بیرون ملک جانے والے مسافروں کو آف لوڈ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک سے ترسیل زر پاکستان کی لائف لائن ہے۔ ہر مہینے چار ارب ڈالر دوسرے ملکوں میں کام کرنے والے محنت کش اور ہند مند افراد اپنے رشتے داروں کو پاکستان بھیجتے ہیں۔ اس رقم پر پاکستان کی ایک تہائی آبادی کا گزارا ہے اور بین الاقوامی ادائیگییوں میں توازن قائم رکھنے کے لئے حکومت کو مدد ملتی ہے۔ بیرون ملک جانے والے افراد کو سہولت پہنچانے کی بجائے انہیں طیاروں سے آف لوڈ کیا جا رہا ہے۔ پاسپورٹ پر مہر لگائی جا رہی ہے۔ پاسپورٹ پھاڑ کر پھینکے جا رہے ہیں۔ اپنے ہی ملک میں ان محسنوں کے ساتھ دشمنوں جیسا رویہ سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سرکاری عملے میں موجود کالی بھیڑوں کا قلع قمع کرے۔ بیرون ملک سے تسلسل کے ساتھ ترسیلات زر کرنے والوں کو ائیر پورٹ پریمیم کارڈ کا اجرائ کیا جائے۔ غیر ملکوں میں رہ کر غیر ملکی کرنسی بھیجنے والے پاکستان کے محسن ہیں ، انکی قدر کی جائے۔ جس ملک میں اسی لاکھ لوگ بیروز گار ہوں اور حکومت انہیں روزگار بھی نہ فراہم کر سکتی ہو تو ایسے محنت کش افراد کو کم از کم تنگ نہ کیا جائے۔ ملک میں بیروزگاری میں کمی کا سب سے بڑا ذریعہ مین پاور ایکسپورٹ ہے جس میں حکومت کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ائیر پورٹ کا عملہ الٹے بانس بریلی پر مصر ہے۔ انہیں تربیت و تنبیہ کی ضرورت ہے۔ اس قسم کے واقعات کے سد باب کے لئے حکومت کی جانب سے کمیشن کا قیام خوش آئند ہے۔ امید ہے کہ پاکستانیوں کو اپنے ائیر پورٹ پر دوستانہ ماحول ملے گا۔
Load/Hide Comments


























