
کراچی: سندھ حکومت کے ثقافت اور سیاحت کے محکمے نے پاکستان ریلوے کے اشتراک سے صحرائے تھر کی خوبصورتی کو قریب سے دیکھنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتے ہوئے ‘تھر ڈیزرٹ سافاری’ کے نام سے ایک خصوصی ٹرین سروس کا اعلان کیا ہے۔ یہ سفر کراچی سے شروع ہو کر کھوکھرپار زیرو پوائنٹ تک جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق یہ ٹرین 20 دسمبر (ہفتہ) کو صبح 9 بجے کراچی کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہوگی اور چھور (پیرچھی جی ویری) پر شام 5 بجے پہنچے گی۔ مسافروں کو وہاں پر شام کے دلکش نظاروں، کیمپنگ، بون فائر، موسیقی اور رات کے کھانے سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ رات گزاری کے لیے زیادہ تر مسافر ٹرین میں ہی رکیں گے، سوائے ان کے جنہوں نے گیسٹ ہاؤس کی اضافی فیس ادا کی ہے۔
21 دسمبر (اتوار) کو ٹرین صبح 7 بجے چھور سے کھوکھرپار زیرو پوائنٹ کے لیے روانہ ہوگی اور صرف ڈیڑھ گھنٹے میں وہاں پہنچ جائے گی۔ مسافر زیرو پوائنٹ پر ناشتہ کرنے اور سیاحت کے بعد ٹرین واپس روانہ ہوگی اور شام 6 بجے کراچی کینٹ اسٹیشن پر واپس پہنچ جائے گی۔
ٹرین کا راستہ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، چھور ہوتا ہوا کھوکھرپار زیرو پوائنٹ تک ہے۔ اس سفر کے دوران مسافروں کو چھور میں غروب آفتاب، بون فائر، موسیقی، اونٹ کی سواری، دستکاریوں کی نمائش اور زیرو پوائنٹ کی سیاحت جیسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔
یہ پیکج 15,000 روپے فی شخص کے حساب سے دستیاب ہے جس میں کھانے اور رہائش کی سہولتیں شامل ہیں۔ مزید معلومات اور بکنگ کے لیے ویب سائٹ stdc.gos.pk پر جا سکتے ہیں یا 0321 7053020 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
یہ سفر پاکستان ریلوے کے تعاون سے منظم کیا جا رہا ہے اور صحرائی ثقافت اور قدرتی مناظر سے محبت کرنے والوں کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔


























