پاکستان شوبز انڈسٹری کی ورسٹائل فنکارہ بشریٰ انصاری نے کراچی کی خراب حالت پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کئے گئے ایک ویڈیو پیغام میں بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ بنیادی طور پر پنجاب سے تعلق رکھتی ہیں اور بعد میں کراچی منتقل ہوگئی تھیں۔ وہ روزانہ کراچی کی حالت پر فکر مند رہتی ہیں اور جب لوگ شہر کی بدحالی، ٹوٹی سڑکوں اور گندگی کی شکایت کرتے ہیں، تو وہ اس بات سے مکمل طور پر متفق ہیں۔
بشریٰ انصاری نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ، ’کراچی ٹوٹا پھوٹا ہے، لیکن یہاں کے لوگ نہیں وہ باشعور ہیں۔ شہر کی سڑکوں کی حالت خراب ہو چکی ہے، مگر یہاں کے لوگ اپنے دلوں میں محبت اور مہمان نوازی رکھتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ، ’کراچی میں آنے والے کسی بھی فرد کو پنجاب، خیبرپختونخوا یا بلوچستان سے ہو، بڑی محبت سے خوش آمدید کہا جاتا ہے۔‘
اداکارہ نے مزید کہا کہ، ’کراچی کے مسائل پر پچھلے 30 سال سے بات ہو رہی ہے، مگرآج تک کسی نے اس کی حالت سدھارنے پر توجہ نیں دی۔ اتنے سال گزر چکے ہیں کیوں نہیں کسی کو احساس ہوتا کہ کبھی تو کراچی کے لے کچھ کریں۔‘
بشریٰ انصاری نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وہ کسی سیاسی جماعت پر تنقید نہیں کر رہیں، مگر یہ ضرور چاہتی ہیں کہ جن افراد کے پاس اس شہر کی بہتری کی ذمہ داری ہے، وہ اپنے وعدوں پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ، ’ہر سال یہی کہا جاتا ہے کہ ہم شہر کی حالت کو بہتر کر رہے ہیں، لیکن ہمیں تو کچھ بھی نظر نہیں آ رہا۔‘
انہوں نے صوبائی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ، صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورے سندھ کی حالت انتہائی افسوسناک ہے، لیکن حکومت اپنے ہی صوبے کی بہتری کے لیے کچھ نہیں کررہی۔
اداکارہ نے اس بات پر زور دیا کہ، ’شاید اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب، کراچی کا ہر فرد ایک ساتھ آ کر پٹیشن فائل کرے تاکہ وہ لوگ جو کراچی کے مسائل کے ذمہ دار ہیں، ان سے سوال کیا جا سکے۔‘
انہوں نے اپنی گفتگو کا اختتام اس سوال پر کیا کہ یہ کب ہوگا اور کون کرے گا؟






















