اسلام آباد: جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی پکڑی گئی

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جعلی نمبر پلیٹ والی سرکاری گاڑی پکڑی گئی، اور پولیس نے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، تھانہ رمنا کی حدود میں پولیس نے گاڑی پکڑی، جس کے ڈرائیور کے خلاف دھوکہ دہی کا کیس درج کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق ڈرائیور کی شناخت زرق خان کے نام سے ہوئی، جس نے پرائیویٹ گاڑی پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگائی تھی۔ جانچ پڑتال میں گاڑی ایک نجی کمپنی کے نام رجسٹرڈ پائی گئی۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق، زرق خان نے گرین کلر کی نمبر پلیٹ استعمال کرتے ہوئے دفعہ 420 کی خلاف ورزی کی۔

اسی حوالے سے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے اعلان کیا ہے کہ شاہراہوں پر چلنے والی ہر گاڑی کے لیے ای ٹیگ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 18 نومبر سے ای ٹیگ سٹیکرز جاری کیے جائیں گے، اور شہری مختلف پوائنٹس سے یہ سٹیکرز حاصل کر سکیں گے۔ شہریوں کو تمام مقررہ پوائنٹس سے متعلق پہلے سے آگاہ کیا جائے گا۔

ڈی سی اسلام آباد نے مزید بتایا کہ ای ٹیگ سٹیکرز صرف ضلعی انتظامیہ کے مقررہ پوائنٹس سے لگوائے جا سکتے ہیں، اور اس کے لیے گاڑی کا رجسٹریشن کارڈ پیش کرنا لازمی ہوگا۔ سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر، انتظامیہ اور پولیس نے خصوصی اقدامات کیے ہیں، جس کے تحت دن کے اوقات میں اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ محدود رہے گا۔