بھارتی خفیہ ایجنسی نے اعجاز ملاح کو اپنے لیے کام کرنے پر آمادہ کیا: عطا تارڑ

بھارتی خفیہ ایجنسی نے اعجاز ملاح کو اپنے لیے کام کرنے پر آمادہ کیا: عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے اعجاز ملاح کو گرفتار کیا ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی نے اعجاز ملاح کو اپنے لیے کام کرنے پر آمادہ کیا۔

اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت نے اعجاز ملاح کو آرمی، نیوی اور رینجرز کی وردیاں خریدنے کی ہدایت کی، جب اعجاز ملاح یہ وردیاں خرید رہا تھا تو پاکستانی ایجنسیوں نے اس کی نگرانی شروع کر دی۔

انہوں نے کہا کہ اعجاز ملاح کو بھارت جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔

امید ہے اب دہشت گرد کارروائیاں نہیں ہوں گی، عطا تارڑ

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کی معرکہ حق میں فتح اور سفارتی کامیابیوں سے پریشان ہے، آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد بھارت نے جھوٹی مہمات شروع کیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ بھارت کا پروپیگنڈا آپریشن ایکسپوز ہو گیا ہے، پاکستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوتی۔

طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم ہر جگہ مقابلہ کریں گے آپ کو بے نقاب کریں گے، جعفر ایکسپریس کی ویڈیو پہلے بھارت میں چلائی گئی۔

دوسری جانب اعجاز ملاح نے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ بھارتی ایجنسیوں نے مجھے سمندر سے گرفتار کیا، بھارتی ایجنسیوں نے کہا کہ اگر ہمارے لیے کام نہ کیا تو جیل میں رہو گے۔
=====================

حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث افغان شہری سمیت 3 ملزمان گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث اشتہاری سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں افغان شہری بھی شامل ہے، ملزمان کو مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران پنجاب کے شہر نوشہرہ اور لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے موبائل فون، حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق شواہد برآمد کر لیے ہیں۔