
اپر چترال (چمرکھن) — صوبائی حکومت اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر موڑکہو تورکہو محترمہ عزرا بی بی کی زیرِ صدارت گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول ریری اویر میں کھلی کچہری منعقد ہوئی۔
کھلی کچہری میں مختلف محکموں کے سربراہان، عوامی نمائندگان، عمائدینِ علاقہ اور بڑی تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی۔
عوام کی جانب سے تعلیم، بجلی، سڑکوں، مواصلات، ٹرانسپورٹ اور گندم کے ذخائر سے متعلق مسائل پیش کیے گئے۔
اہم نکات میں درج ذیل مسائل نمایاں رہے:
تعلیم: ریری اویر کے تعلیمی اداروں میں پرنسپل اور اساتذہ کی خالی آسامیوں کو جلد پُر کرنے کی سفارش۔
بجلی: خراب ٹرانسفارمر کی تبدیلی، لائنوں کی مرمت اور میٹر ریڈنگ کے باقاعدہ نظام پر زور۔
سڑکیں و پل: پرپش اور خرچوم پل کی مرمت اور 8.5 تا 10 کلومیٹر سڑک کے فنڈز جلد منتقل کرنے کا مطالبہ۔
ٹرانسپورٹ: عوامی شکایات پر زائد کرایہ وصول کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ۔
گندم: موسمِ سرما سے قبل گندم کے ذخائر اویر میں یقینی بنانے کی درخواست۔
نیٹ ورک: موبائل اور انٹرنیٹ کوریج بہتر بنانے کے لیے متعلقہ کمپنی کو ہدایت کی سفارش۔
اختتام پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محترمہ عزرا بی بی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ
“ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر وقت دستیاب ہے، اور کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر سہولت فراہم کرنا ہے۔”
انہوں نے تمام محکمہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اداروں کے مسائل کے حل کی پراگریس رپورٹ سات دن کے اندر دفتر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر میں جمع کرائیں تاکہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔
یہ کھلی کچہری عوامی رابطے کے فروغ اور مسائل کے فوری حل کے لیے ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی ایک مثبت کاوش قرار دی جا رہی ہے۔
Load/Hide Comments























