
میرپورخاص
رپورٹ
تحسین احمد خان
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر میرپورخاص خالد حسین لونڈ نے کہا ہے کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے نوجوان نسل کو آگے آنا چاہیے اور
خواتین کو چاہیے کو وہ اپنے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں . یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آف پاکستان میرپورخاص کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ ڈگری کالج میر حاجی خدا بخش ٹالپر ٹنڈو جان محمد میں منعقدہ ووٹر آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی. اس پروگرام میں طالبات، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد نوجوان نسل، خصوصاً طالبات میں ووٹ کی اہمیت، جمہوریت کے استحکام اور قومی ذمہ داریوں کے بارے میں شعور پیدا کرنا ہے تقریب کے دوران طالبات کی جانب سے علامتی پولنگ اسٹیشن کا قیام، کوئز مقابلہ، تقاریر اور معلوماتی پرفارمنسز پیش کی گئیں، جن میں جمہوریت اور ووٹر کے اہم کردار کو خوبصورت انداز میں اجاگر کیا گیا ۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خالد حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ووٹر کی تعلیم اور آگاہی جمہوریت کا بنیادی جز ہے، کیونکہ باشعور ووٹر ہی شفاف انتخابی عمل اور مضبوط جمہوریت کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نہ صرف خود ووٹ کا حق استعمال کریں بلکہ دوسروں کو بھی ووٹ دینے کی ترغیب دیں اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج میر حاجی خدا بخش ٹالپر اور دیگر اساتذہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں طالبات میں قومی شعور کو بیدار کرتی ہیں اور انہیں ایک ذمہ دار شہری کے طور پر اپنے کردار کی پہچان دلاتی ہیں پروگرام کے اختتام پر شریک طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔























