سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی ڈیپارٹمنٹ میرپورخاص نے اسٹیک ہولڈرز انگیجمنٹ پروگرام کے تحت سندھ حکومت کے پروگرام “ممتا پروگرام” اور اس کے فوائد کے حوالے سے مقامی ہال میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔


میرپورخاص
رپورٹ
تحسین احمد خان
سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی ڈیپارٹمنٹ میرپورخاص نے اسٹیک ہولڈرز انگیجمنٹ پروگرام کے تحت سندھ حکومت کے پروگرام “ممتا پروگرام” اور اس کے فوائد کے حوالے سے مقامی ہال میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی محمد ابراہیم کمبھر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر انور حسین خاصخیلی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد اسماعیل منگریو،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن غلام رضا کھوسو ،لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کی انچارج ڈاکٹر بینظیر لغاری، سیف ہاؤس انچارج نصرت میانو، 1122 ایمبولینس سروس انچارج مظہر حسین لغاری ، اسٹیک ہولڈرز، سماجی تنظیموں کے نمائندگان محمد بخش کپری، مظہر حسین کپری، سید شہنشاہ اور دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے ممتا پروگرام کے ڈسٹرکٹ پروجیکٹ منیجر ہمایوں احمد شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت کا ممتا پروگرام ایک خصوصی پروگرام ہے جس سے حاملہ خواتین اور بچوں میں غذائیت کی کمی کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام ماؤں اور بچوں کی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اگر اس پروگرام کو صحیح طریقے سے عمل کیا جائے تو حکومت کو 2سوارب روپے کی بچت ہو سکتی ہےاس لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پروگرام کو سو فیصد کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو آگاہی کے لیے ایک پلیٹ فارم پر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈسٹرکٹ پراجیکٹ منیجر ہمایوں شیخ نے مزید بتایا کہ ضلع میرپورخاص میں محکمہ صحت کے 92 اور 89 پی پی ایچ آئی مراکز صحت میں ممتا پروگرام چل رہا ہے اور اس پروگرام کے تحت 2023 سے 2027 تک 96 ہزار 100 حاملہ خواتین کو ہیلتھ سنٹرز میں ڈلیوری کے لیے رجسٹر کرنے کا ہدف تھا جن میں سے اب تک 67 ہزار 300 حاملہ خواتین کو ہیلتھ سنٹر میں رجسٹر کرایا جا چکا ہے ان حاملہ خواتین کو صحت کے مراکز میں ڈلیوری کے بعد30ہزارکے حساب سے 30کروڑ دئے جاچکے ہیں۔ اس موقع پر انوائرمنٹ سیفٹی سیف گارڈ سپیشلسٹ میڈم علی ہما ہالیپوٹو نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممتا پروگرام کا بنیادی مقصد شہری اور دیہی علاقوں کی خواتین کو ہسپتالوں سے ڈلیوری کروانے کی ترغیب دینا ہے تاکہ وہ اپنی اور اپنے بچوں کی صحت کا خاص خیال رکھ سکیں۔ پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی اس انقلابی فلاحی اسکیم کے تحت حاملہ خواتین کو مالی امداد کے ساتھ پیدائش سے پہلے اور بعد میں طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ دوران حمل صحت کے خطرات کم ہوں، غذائی قلت کا خاتمہ ہو اور نومولود بچوں کی صحت مند پرورش ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر شرکاء نے بریفنگ کے دوران پروگرام کے بارے میں مختلف سوالات کیے اور فیلڈ لیول پر مزید بہتری کے لیے اپنی عملی تجاویز بھی پیش کیں۔ شرکاء نے سندھ حکومت کے اس اقدام کو عوام دوست پالیسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ممتا پروگرام میرپورخاص سمیت پورے سندھ میں ماؤں اور بچوں کی صحت کو بہتر بنائے گا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ متعلقہ محکموں اور سماجی تنظیموں کے مشترکہ تعاون سے اس پروگرام کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ رسائی کو مزید موثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خواتین اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔