بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عوام کو معیاری، تازہ اور محفوظ گوشت کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے غیر معیاری گوشت کی فروخت کے خلاف جاری خصوصی مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ مہم کے آخری روز بی ایف اے کی انسپیکشن ٹیموں نے سیٹلائٹ ٹاؤن ، اے ون سٹی اور کلی الماس ائیرپورٹ روڈ کے مختلف مضافات میں 50 گوشت کی دکانوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔انسپیکشن کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات، غیر محفوظ ڈسپلے اور دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے پر 33 بیف، مٹن اور پولٹری مراکز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ 17 بیف و مٹن اور 7 پولٹری شاپس کے مالکان کو حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر جرمانے کیے گئے، جبکہ معمولی کوتاہیوں پر 9 دکانوں کو اصلاحی نوٹسز جاری کرتے ہوئے بہتری کے لیے مہلت دی گئی۔ علاوہ ازیں 8 قصابوں پر بغیر فوڈ بزنس لائسنس گوشت فروخت کرنے پر چالان عائد کیے گئے۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کے مطابق خصوصی مہم کا بنیادی مقصد صوبہ بھر میں گوشت کی فروخت کے نظام کو بین الاقوامی فوڈ سیفٹی اسٹینڈرڈز اور بی ایف اے کے ایس او پیز کے مطابق یقینی بنانا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ معائنے کے دوران نہ صرف صفائی اور گوشت اسٹوریج سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا بلکہ قصابوں کو فوڈ سیفٹی اصولوں، صفائی کے تقاضوں اور گوشت کے درست اسٹوریج و ڈسپلے طریقوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ڈی جی بی ایف اے نے واضح کیا کہ عوام کی صحت کے تحفظ اور غیر معیاری خوراک کی فروخت کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ باسی اور غیر صحت بخش گوشت کی فروخت، یا دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے جیسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات پر آئندہ مزید سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کے مطابق مہم کا مقصد نہ صرف خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرنا تھا بلکہ قصابوں میں آگاہی اور اصلاحی رویہ فروغ دینا بھی اس مہم کا اہم جزو تھا تاکہ مستقبل میں گوشت کی دکانوں پر معیاری اور صاف ستھرا ماحول قائم رکھا جا سکے۔
Load/Hide Comments























