پاکستان میں قائم ہوئی ایشیا کی پہلی روبوٹک لائبریری

ایشیا کی پہلی روبوٹک لائبریری بنانے کا اعزاز پاکستان کو ملا ہے یہاں حیران کرتی ایک نئی دنیا دکھائی دیتی ہے۔

دنیا سائنس میں نت نئی ترقی کر رہی ہے اور ہر چیز اب اے آئی روبوٹک ماڈل میں ڈھل رہی ہے۔ ایشیا کی سب سے پہلی روبوٹک لائبریری قائم کرنے کا اعزاز پاکستان کو ملا ہے اور یہ لائبریری بنائی گئی ہے شہر لاہور کی منہاج یونیورسٹی میں۔

جب اس لائبریری میں داخل ہوں تو لگتا ہے کہ ایک نئی دنیا میں آ گئے ہیں۔ کتاب کے حصول سے لے کر کتاب واپس کرنے تک ہر جگہ روبوٹ نظر آتے ہیں۔ روبوٹ آپ کو مطلوبہ کتاب کے شیلف تک لے جاتے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ یہاں ڈیجیٹل پنچ مشین، اسٹیپلر اور اسکینر بھی موجود ہے۔

اس جدید لائبریری کا سنگ بنیاد 2019 میں رکھا گیا اور 2024 میں اس کا باضابطہ افتتاح ہوا۔ اس لائبریری میں 10 ہزار کتب موجود ہیں جب کہ مزید 15 ہزار کتابوں کی گنجائش ہے۔

یہاں نہ صرف طلبہ اپنے علم کی پیاس بجھانے آتے ہیں، بلکہ تحقیق کے متلاشی اسکالرز بھی آتے اور مستفید ہوتے ہیں۔