وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی کی زیر صدارت مزارِ قائد مینجمنٹ بورڈ کا 100واں اجلاس؛ میوزیم کے منصوبوں کا جائزہ

کراچی، 24 اکتوبر 2025:
قائدِاعظم مزار مینجمنٹ بورڈ (QMMB) کا 100واں اجلاس وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت، اورنگزیب خان کھچی، کی زیر صدارت مزارِ قائد کراچی میں منعقد ہوا۔

یہ اجلاس ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوا، جس میں قائدِاعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا: “یہ سال قوم کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔ وزیرِاعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر بانیٔ پاکستان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔”

وفاقی وزیر نے بورڈ کے اجلاس کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام اراکین کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے مزارِ قائد کے تقدس اور ورثے کے تحفظ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔

اجلاس میں متعدد اہم امور پر غور کیا گیا، جن میں مزارِ قائد کا پرانا فانوس قومی عجائب گھر کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ شامل تھا۔ بورڈ نے مزار کے گنبد کی چھت کی تزئین و آرائش کی منظوری بھی دی، جبکہ وفاقی وزیر نے ہدایت دی کہ مرمتی کام اس انداز میں انجام دیا جائے کہ عمارت کے اصل ڈھانچے کو نقصان نہ پہنچے۔

مزید گفتگو میں زائرین کے تجربے میں بہتری، سماجی رابطوں کے فروغ، گرد و نواح کے ترقیاتی منصوبوں اور ایوانِ نوادراتِ قائدِاعظم (قائد کا میوزیم) کی از سرِ نو تزئین کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بورڈ نے مزار مینجمنٹ بورڈ کے ملازمین کے لیے اعزازیہ کے حوالے سے بھی بات کی گئی۔

اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی اور بورڈ اراکین نے قائدِاعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کے 100ویں اجلاس کی یاد میں کیک کاٹا۔

وفاقی وزیر نے کہا “قائداعظم کے ورثے کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ آنے والی نسلیں ان کے نظریے اور وژن سے رہنمائی حاصل کرتی رہیں۔”

اجلاس میں وزیرِمملکت حذیفہ رحمان، سیکریٹری قومی ورثہ و ادبی ڈویژن اسد رحمان گیلانی اور چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے شرکت کی، جبکہ چیف سیکریٹری سندھ کی نمائندگی سیکریٹری کوآرڈینیشن نے کی۔