صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ سندھ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت سندھ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے

کراچی ۔23 اکتوبر۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ سندھ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت سندھ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ وہ جمعرات کو ایکسپو سینٹر کراچی میں پندرہ روسی کمپنیوں پر مشتمل وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔روسی تاجروں کے وفد کی قیادت ماسکو ایکسپورٹ سینٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ویتالی ستیپانوف نے کی جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال بھی موجود تھے۔جام اکرام اللہ دھاریجو نے وفد کے اراکین کو سندھ میں سرمایہ کاری کے امکانات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کئی اسپیشل اکنامک زونز قائم کیے جا چکے ہیں، جہاں محفوظ سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بین الاقوامی جریدے ایف ڈی آئی (FDI) نے خیرپور اسپیشل اکنامک زون کو ایشیا کے بہترین صنعتی زونز میں شامل کیا ہے۔ یہ سندھ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا اعتراف ہے کہ خیرپور زون کو چین، ویتنام، انڈونیشیا اور ملائیشیا کے صنعتی زونز کے ہم پلہ قرار دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ خیرپور اسپیشل اکنامک زون روزگار، برآمدات اور سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ حکومت سندھ روسی سرمایہ کاروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کے سرمایہ کاروں کا ایک وفد بھی جلد روس کا دورہ کرے گا تاکہ تجارتی و صنعتی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور خیر سگالی کے تعلقات کے خواہاں ہیں، اور امید ہے کہ اس نوعیت کے دورے باہمی تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔