دوپہر کی نیند: سنتِ نبوی ﷺ اور سائنسی اعتبار سے بے حد مفید عمل

دوپہر کے وقت مختصر نیند لینا نہ صرف سنتِ نبوی ﷺ ہے بلکہ ماہرین کے مطابق یہ جسم اور دماغ دونوں کے لیے نہایت مفید عمل ہے۔ سائنسی تحقیقات بتاتی ہیں کہ کھانے کے بعد چند منٹ کی نیند توانائی بحال کرتی ہے، یادداشت بہتر بناتی ہے، ذہنی دباؤ کم کرتی ہے اور موڈ کو خوشگوار بناتی ہے۔

یادداشت میں بہتری:
ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند یادداشت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ دن کے وقت تھوڑی دیر سونا صبح کے وقت سیکھی ہوئی باتوں کو یاد رکھنے میں مدد دیتا ہے اور دماغ کو تازگی بخشتا ہے۔

توجہ اور فوکس میں اضافہ:
قیلولہ دماغی ارتکاز کو بہتر بناتا ہے۔ تحقیقی نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ جو لوگ روزانہ دوپہر میں چند منٹ سوتے ہیں، وہ نئی معلومات کو زیادہ مؤثر طریقے سے یاد رکھتے ہیں۔

کام کی کارکردگی میں بہتری:
مسلسل کام کرنے سے پیدا ہونے والی ذہنی تھکن کو قیلولہ دور کرتا ہے۔ دوپہر کی نیند لینے والے افراد زیادہ متحرک اور مؤثر انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔

مزاج میں بہتری:
اگر آپ تھکن یا اداسی محسوس کر رہے ہیں تو چند منٹ کی نیند موڈ بہتر بنا سکتی ہے، کیونکہ یہ دماغ کو سکون اور راحت فراہم کرتی ہے۔

ذہنی چستی اور ہوشیاری:
دوپہر کے کھانے کے بعد ہونے والی قدرتی سستی کو قیلولہ ختم کر دیتا ہے اور دماغ کو دوبارہ متحرک کر دیتا ہے۔

مختصر نیند زیادہ فائدہ مند:
ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ قیلولہ 20 سے 30 منٹ سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے، تاکہ ذہنی سستی کے بجائے تازگی حاصل ہو۔

کیفین کا مؤثر متبادل:
کافی یا چائے کے بجائے قیلولہ زیادہ مؤثر طریقے سے توانائی بحال کرتا ہے اور یادداشت کے لیے بھی زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔

رات جاگنے والوں کے لیے فائدہ مند:
اگر رات کی نیند پوری نہ ہو سکے تو دوپہر کی مختصر نیند جسمانی توازن بحال کرتی ہے اور نیند کی کمی کے اثرات کم کرتی ہے۔

دل کی صحت کے لیے مفید:
تحقیقات کے مطابق جو لوگ دوپہر میں قیلولہ کرتے ہیں ان کا بلڈ پریشر متوازن رہتا ہے، جس سے دل کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔

تخلیقی صلاحیت میں اضافہ:
دوپہر کی نیند دماغ کو تازگی بخشتی ہے جس سے نئے خیالات پیدا ہوتے ہیں اور تخلیقی صلاحیت بڑھتی ہے۔

بہتر رات کی نیند:
ماہرین کے مطابق جو لوگ دوپہر میں تھوڑی دیر سوتے ہیں وہ رات کو بھی زیادہ پرسکون نیند سوتے ہیں۔ ایک سے تین بجے کے درمیان قیلولہ اور شام کی ہلکی چہل قدمی نیند کے معیار کو بہتر بناتے ہیں۔

قیلولے کا بہترین وقت:
ماہرین کا کہنا ہے کہ قیلولے کا مثالی وقت دوپہر 2 سے ساڑھے 3 بجے کے درمیان ہے، جب جسم فطری طور پر سستی محسوس کرتا ہے۔ اگر رات کو نیند پوری نہ ہو تو یہ نیند تھوڑا پہلے لینا زیادہ فائدہ مند ہے۔