ہوٹل کے سوئمنگ پول میں اچانک مگرمچھ کی انٹری

شمال مشرقی آسٹریلیا میں اس وقت حیران کن صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک مگرمچھ اچانک فائیو اسٹار ہوٹل کے سوئمنگ پول میں آن پہنچا۔

تاہم دلچسپ بات یہ رہی کہ مہمانوں کو جیسے خبر ہی نہ ہو، وہ پرسکون انداز میں پول کے کنارے دھوپ سینکتے رہے۔

یہ واقعہ شیریٹن گرینڈ میرَاج ریزورٹ، پورٹ ڈگلس میں پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

ویڈیو میں ایک کم عمر مگرمچھ کو پول کے اندر پانی کی تہہ میں آرام کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ٹک ٹاک صارف لیزا کیلر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی کو خوفزدہ نہیں کرنا چاہتی، لیکن شیریٹن کے پول میں ایک مگرمچھ ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پول کے کنارے کئی سیاح آرام دہ کرسیوں پر بیٹھے سورج سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، لیکن کوئی بھی پانی میں داخل نہیں ہو رہا۔ کیلر نے حیرت سے کہا کہ کسی ایک شخص کو بھی پرواہ نہیں۔

حفاظتی اقدامات اور بازیابی

ہوٹل کے منیجر جوزف امیرو کے مطابق، مگرمچھ کو ہفتے کی صبح دیکھا گیا، جس کے بعد پول کو فوری طور پر بند کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مہمان اور مگرمچھ کبھی بھی ایک ہی وقت میں پول میں موجود نہیں تھے۔

بعدازاں، کوئنزلینڈ وائلڈ لائف افسران نے مگرمچھ کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا، اور علاقے میں احتیاطی انتباہی بورڈز بھی نصب کر دیے گئے۔