فرانس میں انوکھی ڈکیتی: 60 سالہ شخص سپر مارکیٹ لوٹ کر خود گرفتاری کا منتظر

فرانس کے علاقے سینٹ روز، گواڈیلوپ میں ڈکیتی کا ایک انوکھا رپورٹ ہوا، جب ایک 60 سالہ شخص سپر مارکیٹ کو لوٹنے کے بعد گرفتار ہونے کا انتظار کرنے لگا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انوکھا واقعہ ستمبر کے آخر میں سینٹ روز میں پیش آیا۔ مذکورہ ڈاکو پہلے فائر فائٹر رہ چکا تھا اور جس کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں تھا۔ اس نے منہ پرسیاہ نقاب پہنا اور ایک ہتھیار تھامے سپر مارکیٹ میں داخل ہوا جو مقامی تھانے کے قریب واقع تھی۔

رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص نے کاؤنٹر سے رقم مانگی، ایک ٹکڑا پنیر اور ایک بوتل شراب بھی لی پھر آہستہ آہستہ اپنی گاڑی کی طرف گیا اور خود کو گرفتار کرانے کے ارادے سے پولیس کا انتظار کرنے لگا۔

رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص کا مقصد اپنے جوان پوتے کی مدد کرنا تھا جو جیل میں تھا۔ اس کے وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ اس کے پوتے کو قیدیوں نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور اس کا ایک دانت ٹوٹ گیا تھا۔ یہ وہاں جاکر ان قیدیوں کو سبق سکھانا چاہتا تھا کیوں کہ وہ ایک اچھا فائٹر بھی تھا۔

اس بوڑھے شخص پر مسلح ڈکیتی، سنگین حملہ اور بغاوت کے الزامات عائد کیے گئے۔ عدالت میں اس نے ان الزامات کو قبول کرلیا۔

مگر چونکہ اس شخص کی نیت مادی فائدہ نہیں تھی بلکہ خالص انسانی رویہ تھا اس لیے عدالت نے عام سزا (جو 3 تا 5 سال ہو سکتی تھی) نہ دینے کا فیصلہ کیا۔

عدالت نے حکم جاری کیا کہ وہ لوٹ مار کے متاثرین کو معاوضہ دے اور آئندہ اس سپر مارکیٹ کے قریب جانے سے پرہیز کرے۔