“دادا نے پوتے پوتیوں کی عمروں سے لکی نمبر چن کر 50 ہزار ڈالر جیت لیے”

قسمت کے کھیل میں بعض اوقات چھوٹی سی سوچ بڑی کامیابی کا باعث بن جاتی ہے۔ امریکی ریاست میری لینڈ کے علاقے ایسیکس (Essex) سے تعلق رکھنے والے جان لینگ نامی بزرگ شہری نے اپنی پوتے پوتیوں کی عمروں کو بنیاد بنا کر لاٹری(lottery) کھیلی اور 50 ہزار ڈالر (تقریباً 1 کروڑ 40 لاکھ پاکستانی روپے) کا انعام جیت لیا۔

میری لینڈ لاٹری حکام کے مطابق جان لینگ نے ایک ماہ کا وقفہ لینے کے بعد دوبارہ قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے بالٹی مور کاؤنٹی کی میس ایونیو پر واقع ’’میس لِکرز‘‘ نامی اسٹور سے “بونس میچ 5” لاٹری ٹکٹ خریدا۔ اس بار انہوں نے کمپیوٹر پر انحصار کرنے کے بجائے خود اپنے پسندیدہ نمبرز منتخب کیے اور وہ نمبر تھے ان کے پوتے پوتیوں کی عمریں۔

جان لینگ نے بتایا کہ اگلے ہی دن وہ ٹکٹ چیک کروانے کے لیے اسی اسٹور واپس گئے۔میں نے دکاندار سے کہا، ذرا میرے نمبرز چیک کرو،وہ ہنستے ہوئے بتاتے ہیں،’’دکاندار نے مسکرا کر کہا: مسٹر جان، آپ نے تو 50 ہزار ڈالر جیت لیے!‘‘

یہ سن کر جان لینگ حیران رہ گئے اور خوشی کے مارے ان کے چہرے پر مسکراہٹ رکنے کا نام نہ لے رہی تھی ،انہوں نے بتایا کہ وہ اس انعامی رقم کو اپنے گھر کی تزئین و آرائش اور کچھ مستقبل کے لیے بچت پر خرچ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

میری لینڈ لاٹری کے مطابق’’بونس میچ 5‘‘ گیم میں کسی بھی کھلاڑی کے لیے 50 ہزار ڈالر کا انعام جیتنا بڑی کامیابی سمجھی جاتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جان لینگ کے منتخب کردہ تمام نمبرز بالکل درست نکلے۔

جان لینگ کا کہنا تھا،’’میں ہمیشہ یقین رکھتا تھا کہ میری فیملی میری خوش قسمتی کی علامت ہے اور اس بار واقعی ایسا ہی ہوا۔‘‘