مدینہ منورہ کو ایک بار پھر عالمی سطح پر صحت مند شہر کا اعزاز مل گیا

مدینہ منورہ نے ایک بار پھر عالمی ادارۂ صحت (WHO) کی جانب سے ’صحت مند شہر‘ کا درجہ حاصل کر لیا ہے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ شہر نے صحت و معیارِ زندگی کے عالمی پیمانے پر قائم 80 سے زائد نکات کامیابی سے مکمل کیے ہیں۔

سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، مدینہ کے گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان نے یہ سند سعودی وزیر صحت سے وصول کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مدینہ کو دوبارہ یہ اعزاز حاصل ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی قیادت شہریوں کی فلاح، صحت اور معیارِ زندگی میں بہتری لانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔

مدینہ منورہ کو یہ مقام پہلی بار 2019 میں حاصل ہوا تھا، جبکہ اس مرتبہ طائف، تبوک، الدرعیہ سمیت 14 دیگر سعودی شہر بھی صحت مند شہروں کی عالمی فہرست میں شامل کر لیے گئے ہیں۔

شہزادہ سلمان نے مزید کہا کہ مدینہ کی مسلسل ترقی نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر اسے ترقی کا مثالی ماڈل بنا رہی ہے، جو پائیدار ترقی کے اصولوں پر استوار ہے۔