سعودی عرب میں حرمین شریفین کے دینی امور کے شعبے نے جمعہ کے خطبے کو براہ راست دنیا کی 15 مختلف زبانوں میں نشر کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، ابتدائی مرحلے میں یہ خطبات مسجد الحرام اور مسجد نبوی سے براہ راست یوٹیوب پر نشر کیے جائیں گے، تاکہ دنیا بھر میں موجود افراد ان سے استفادہ کر سکیں۔
ادارہ امور حرمین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ترجمے کی سہولت کو توسیع دیتے ہوئے اسے 30 زبانوں تک بڑھایا جائے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ مسلمان اپنے اپنے مقامی زبانوں میں ان اہم خطبات کو سمجھ سکیں۔
اس کے علاوہ، زائرین کے بچوں کی حفاظت کے لیے بھی ایک نئی سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔ مسجد الحرام کے داخلی گیٹ نمبر 3 اور گیٹ نمبر 79 پر بچوں کو ایک خاص کڑا (بینڈ) فراہم کیا جاتا ہے جس پر والدین کی رابطہ معلومات درج ہوتی ہیں۔
اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ اگر کوئی بچہ والدین سے جدا ہو جائے تو اُسے جلد از جلد اُن تک پہنچایا جا سکے۔ اس مہم کو ’’آپ کا بچہ مسجد الحرام میں محفوظ ہے‘‘ کے نام سے شروع کیا گیا ہے۔
یہ تمام اقدامات حرمین شریفین میں زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور اُن کی رہنمائی یقینی بنانے کی اہم کڑی ہیں۔























