مزید 50 کروڑ روپے 3 یونیورسٹیوں میں تقسیم

مزید 50 کروڑ روپے 3 یونیورسٹیوں میں تقسیم

سندھ حکومت نے ایک مقبول پروگرام کے لیے صوبے کی 3 یونیورسٹیوں کو 50 کروڑ روپے کے مزید فنڈز فراہم کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کے پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام ( پی آئی ٹی پی) نے وقت سے پہلے ہی نتائج دینا شروع کردیے ہیں۔ آئی بی اے سکھر، مہران یونیورسٹی اور این ای ڈی سے گریجویٹ ہونے والے پہلے 1714 طلبہ نے آن لائن کمانا شروع کردیا ہے۔ 2025 تک 13428 طلبہ کو تربیت دیں گے۔
وزیراعلیٰ آئی بی اے سکھر میں اکیڈمک بلاک فائیو کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیرعلیٰ آئی بی اے سکھر پہنچے تو روبوٹ نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب میں اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ، صوبائی وزیر منصوبہ بندی ناصر حسین شاہ ، مکیش کمار چاؤلا، میئر سکھر ارسلان شیخ، وی سی آئی بی اے سکھر آصف شیخ اور حکومت سندھ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے پی آئی ٹی پی کیلئے 50 کروڑ روپے مختص کردیے ہیں، یہ فنڈنگ صوبے بھر کو خدمات فراہم کرنے والی تین جامعات کراچی میں این ای ڈی ، جامشورو میں مہران یونیورسٹی اور سکھر میں آئی بی اے یونیورسٹی میں تقسیم کی گئی ہے۔ یہ پروگرام سندھ بھر کے 13400 سے زائد طلبا کو عالمی جاب مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت فراہم کر رہا ہے۔ تربیتی ماڈیول نے وقت سے پہلے ہی اپنا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے، پہلے بیچ کے طلبہ نے تربیت مکمل کرنے کے بعد کمانا شرتوع کردیا ہے۔ میں نے طلبہ کی آمدنی کا ریکارڈ رکھنے پر زور دیا ہے تاکہ ہمیں اپنی کامیابی کا اندازہ ہوسکے۔
سید مراد علی شاہ نے آئی بی اے کی کامیابیوں کا ذٓکر کرتے ہوئے کہا کہ آئی بی اے سکھر کا آغاز 2 کمروں کی عمارت سے ہوا تاہم اب یہ جامعہ پاکستان کی مانی ہوئی جامعات میں سے ایک ہے۔ آئی بی اے نے اور بھی کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ آئی بی اے سکھر کے طلبہ حکومت سندھ سے بھی کما رہے ہیں، اس مرتبہ آئی بی اے سکھر نے ایم ڈی کیٹ کے امتحانات کرائے ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ چھوٹی بھرتیوں کے لیے ٹیسٹ بھی آئی بی اے کراتی ہے، جاب پورٹل بھی بن گیا ہے اور اسے سنٹرلائزڈ کردیا گیا ہے، مراد علی شاہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ ایک شفاف سسٹم ہوگا، کسی کو انگلی اٹھانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، انہیں میرٹ پر نوکری دیں گے، آخر میں انہوں نے آئی بی اے سکھر کی انتظامیہ کو مبارکباد دی اور یہ بھی بتایا کہ وہ 24 دسمبر 2024 کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ دوبارہ آئیں گے۔

عبدالرشید چنا
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ
=================

جامعہ کراچی: ایوننگ پروگرام میں داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 23دسمبر تک توسیع

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق ایوننگ پروگرام کے مختلف شعبہ جات میں بی ایس فرسٹ ایئر(چارسالہ پرگرام)،بی ایس تھرڈایئر (دوسالہ پروگرام)اورڈپلومہ سرٹیفیکٹ پروگرامزمیں آن لائن داخلے برائے سال 2025 ء میں داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 23دسمبر2024ء تک توسیع کردی گئی ہے۔

خواہشمند طلبہ23 دسمبر2024 ء تک داخلہ فارم آن لائن جمع کراسکتے ہیں۔ طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاں تمام معلومات موجودہیں۔
================
جامعہ کراچی: بی اے ریگولرسال اول،دوئم وباہم کے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق بی اے ریگولرسال اول،دوئم وباہم کے (فیل ہونے والے طلبہ)سالانہ امتحانات برائے 2023-24 ء کے لئے اپنے امتحانی فارم 26 دسمبر2024 ء تک جمع کراسکتے ہیں۔

بی اے سال اول اور سال دوئم کے طلبہ اپنے امتحانی فارم 7700 روپے فیس کے ساتھ جبکہ سال اول ودوئم باہم کے طلبہ اپنے امتحانی فارم 15400 روپے فیس کے ساتھ متعلقہ کالجز میں جمع کراسکتے ہیں۔واضح رہے کہ 2018 ء یا اس سے قبل کی انرولمنٹ کے حامل طلبہ 3000 روپے اضافی فیس کے ساتھ امتحانی فارم جمع کراسکتے ہیں۔
================

جامعہ کراچی: ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس ریگولرسال اول،دوئم وباہم کے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس(اے ڈی اے)سال اول،دوئم وباہم ریگولرسالانہ امتحانات برائے 2023-24 ء کے لئے امتحانی جمع کرانے کی تاریخ میں 26 دسمبر2024 ء تک توسیع کردی گئی ہے۔

ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس (اے ڈی اے) سال اول ودوئم کے طلباوطالبات اپنے امتحانی فارم 7200 روپے فیس کے ساتھ جبکہ سال اول ودوئم باہم کے طلبہ اپنے امتحانی فارم 14200 روپے فیس کے ساتھ متعلقہ کالجز میں جمع کراسکتے ہیں۔
==================

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی سے سوڈانی سفیر کی ملاقات

وائس چانسلر سے سوڈانی جامعات میں زیر تعلیم طلباوطالبات کے کریڈٹ آورز کی منتقلی کی درخواست

سوڈانی سفیر صالح محمد احمد نے کراچی میں اعزازی قونصل،اکنامک آفیسراور اعزازی ٹریڈ ایڈوائزرکے ہمراہ بدھ کے روز جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے وائس چانسلر سیکرٹریٹ جامعہ کراچی میں ملاقات کی اور جامعہ کراچی وسوڈان کے مختلف تعلیمی اداروں کے مابین تدریسی وتحقیقی شعبوں اورمعاشی شعبہ جات میں ممکنہ تعاون اور اشتراک پر تبادلہ خیال کیا۔

سوڈانی سفیر صالح محمد احمد نے بتایا کہ جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل ہونے والے سوڈانی طلباء کی ایک اچھی تعداد اپنے ملک کے مختلف شہروں میں سرکاری ونجی اداروں میں اعلیٰ عہدوں پرفائزہوکرخدمات انجام دے رہے ہیں نہ صرف یہ بلکہ جامعہ کراچی سے فارغ التحصیل طلبہ دنیا کے مختلف حصوں میں ملازمت کررہے ہیں اوراپنے ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کے لئے اپنا کردار اداکررہے ہیں۔

انہوں نے جامعہ کراچی میں سوڈانی طلباوطالبات کو فراہم کی جانے والے سہولیات پر شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی کے کردار کو سراہا اور بالخصوص کوویڈ19 کی وباء کے دوران جامعہ کی بہترین حکمت عملی اور منصوبہ بندی کی بدولت تمام غیر ملکی طلبہ کو جامعہ کے کیمپس میں بہترین اورمحفوظ ماحول فراہم کیا گیا جو لائق تحسین اور قابل تقلید ہے۔

صالح محمد احمد نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت نے فلسطینی طلباوطالبات کو جو فوائد اور سہولیات فراہم کی ہیں مجھے امید ہے کہ سوڈانی جامعات کے طلباء کے کریڈٹ آورز کی منتقلی کے حوالے سے بھی جامعہ کراچی، ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اور متعلقہ حکومتی ادارے کریڈٹ آورزکی منتقلی کے لئے سوڈانی طلبہ کی حمایت اورانہیں سہولت فراہم کریں گے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے سوڈانی سفیر کی کریڈ ٹ آورز کی منتقلی کے حوالے سے کہا کہ اگرحکومت جامعہ کراچی کو اجازت دے تووہ طلباوطالبات کو یہ سہولت فراہم کرنے کے لئے تیارہیں۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مالی مشکلات کا شکاراوراس وجہ سے فیس دینے سے قاصر سوڈانی طلباوطالبات کی مالی اعانت کی پیشکش بھی کی جس کو سوڈانی سفیر اور دیگر نے بیحد سراہا۔
==================
,علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کا انسداد تمباکو نوشی کے قوانین کے نفاذ میں کلیدی کردار

علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے عوامی صحت کے فروغ اور تمباکو نوشی کے خلاف آگاہی کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ وزارت صحت، ضوابط و ہم آہنگی اور صوبائی ٹوبیکو کنٹرول سیل (PTCCS) کے تعاون سے AIT کے فوکل پرسن، انجینئر اکرام علی، نے انسداد تمباکو نوشی کے قوانین پر “ٹریننگ آف ٹرینرز” میں شرکت کی۔

اس تربیتی ورکشاپ کا انعقاد خصوصی طور پر مختلف سرکاری و نجی اداروں کے فوکل پرسنز کے لیے کیا گیا تھا تاکہ وہ تمباکو نوشی کے خلاف قوانین کے نفاذ اور عوامی شعور بیدار کرنے میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ اس تربیت کا مقصد تمباکو کے استعمال کو کم کرنے، نوجوان نسل کو اس کے نقصانات سے آگاہ کرنے اور عوامی مقامات پر تمباکو نوشی کی روک تھام کو یقینی بنانا تھا.
پرنسپل علیگڑھ انسٹیٹیوٹ شاہد جمیل کا کہنا ہے کہ علیگڑھ انسٹیٹیوٹ کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ادارہ نہ صرف معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے بلکہ سماجی مسائل کے حل میں بھی سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔
انجینئر اکرام علی نے اس موقع پر کہا کہ یہ تربیت AIT کی سماجی ذمہ داریوں کو اجاگر کرتی ہے اور اس کی کاوشیں عوامی صحت کے تحفظ میں ایک اہم پیش رفت ہیں۔

میڈیا کوآرڈینیٹر AIT
============