پولیو قطرے نہ پلانے پر جھگڑا، خاتون ورکر سے بدتمیزی، حبس بے جا میں رکھا

پولیو قطرے نہ پلانے پر جھگڑا، خاتون ورکر سے بدتمیزی، حبس بے جا میں رکھا
کراچی( اسٹاف رپورٹر )ناظم آباد نمبر 3 میں پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے پر جھگڑے میں خاتون پولیو ورکر کو حبس بے جا میں رکھنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

پولیس کے مطابق منگل کو پولیو مہم کے دوران اشرف الشبیر آرکیڈ ناظم آباد نمبر 3 کے ایک فلیٹ سے خاتون پولیو ٹیم ورکر سے بدتمیزی کی گئی۔فلیٹ کے مکینوں نے پولیو ٹیم ورکر کو حبس بے جا میں رکھا۔

اطلاع پر ضلعی انتظامیہ اور ناظم آباد پولیس موقع پر پہنچی ۔پولیس نے فلیٹ کا دروازہ کھلوا کر خاتون پولیو ورکر کو بازیاب کروایا۔ناظم آباد پولیس نے واقعہ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت محمد سعد ولد محمد اشرف اور شان ولد محمد ہاشم کے نام سے ہوئی۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

دوسری جانب مذکورہ فلیٹ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پولیو ٹیم کو قطرے پلانے سے منع نہیں کیا،ایک بچہ بیمار تھا اس لیے ٹیم سے کہا کہ وہ خود اسے قطرے پلائیں گے۔