بہبود پاکستان کی جانب سے کراچی میں پہلے فنڈریزر گالا کاانعقاد

کراچی( ) کراچی کے تاریخی موہاٹہ پیلس میں بہبود ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے ایک خصوصی فنڈ ریزر گالا “ایمبرائیڈرنگ ڈریمز” کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس تقریب کو منعقد کرنے کا مقصد راولپنڈی میں بہبود زچہ و بچہ اسپتال کی تعمیر کیلئے فنڈز جمع کرنا تھا ۔ یہ اسپتال پسماندہ خواتین اور بچوں کو معیاری صحت کی فراہمی کے مقصد کے تحت تعمیر کیا جارہا ہے۔فنڈ ریزنگ ایونٹ میں انسانی فلاح و بہبود کی حمایت کی غرض سے عمائدین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
تقریب کے آغاز میں مہمان پرہجوم ریڈ کارپٹ ایریا اور موہاٹہ پیلس کے شاندار پس منظر میں تصاویر کھینچتے نظر آئے۔ میٹ اینڈ گریٹ سیشن کے بعد ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل صائمہ راشد نے بہبود کی ممبر آف دی بورڈ آف گورننس بہبود زچہ و بچہ اسپتال اور شعلہ بیاں خوش بخت شجاعت کو ایسوسی ایشن راولپنڈی/اسلام آباد کی صدر عابدہ ملک کے تعارف کے لیے اسٹیج پر مدعو کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عابدہ ملک نے کہا “ہم پنڈی/اسلام آباد بہبود کی جانب سے یہاں منعقدہ اپنی پہلی فنڈ ریزنگ کے انعقاد کے موقع پر کراچی کے فن‘ ہمدردی اور سخاوت کے خوبصورت امتزاج سے بہت متاثر ہیں ۔ ہر ٹکٹ، ہر بولی اور ہر عطیے کے ساتھ ہم ان لوگوں کو جدید ترین صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے کے مقصد کے قریب آتے جارہے ہیں جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے-”
استقبالیہ کلمات کے بعد شام کی میزبان باکھ پیرزادہ اور ابیل خان نے اسٹیج سنبھالا۔ انہوں نے شرکا کے سامنے بہبود کی جانب سے شروع کئے گئے اسپتال کے منصوبے پر ایک مختصر دستاویزی فلم پیش کی جس میں اس اقدام کے وژن اور مشن کو اجاگر کیا گیا۔
اس گالا کی سب سے اہم اور خاص بات بہبود کیٹیور کا فیشن شو تھا جس میں بہبود کے کاریگروں کی عمدہ دستکاری کی شاندار انداز میں نمائش کی گئی ۔ اس موقع پر بینین اعوان، فضہ بتول، کومل خان، کلثوم ملک، ربیکاخان، سعدیہ صدیقی، صائمہ ہارون، سامیہ عاصم، سارہ اسد خان اور شمائلہ چوہدری نے رن وے پر اپنے جلوے بکھیرے ۔فیشن شو کی ماڈلز کا میک اپ اور ہیئر اسٹائل ڈیپلیکس کراچی کی ذمہ داری تھی
فیشن شو کے بعد پریمیم ثقافتی شالوں کی نیلامی عمل میں آئی جو شرکائ کی خصوصی توجہ کا مرکز رہی۔ معروف گلوکارہ حمیرا چنہ کی شاندار پرفارمنس نے شام کے حسن کو چار چاند لگا دیئے اور اسی کے ساتھ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی ‘جس کے بعد پرتکلف عشائیہ شرکا کا منتظر تھا۔
ایونٹ کے میڈیا پارٹنر ہم ٹی وی اور ہم نیوز تھے جبکہ ایونٹ اور پی آر کا انتظام اسٹار لنکس پی آر اینڈ ایونٹس نے کیا تھا۔ اس شو میں مہران، پیپسی، عارف حبیب گروپ، صدیق سنز پرائیویٹ لمیٹڈ، کراؤن گروپ، نیشنل بینک آف پاکستان ، ڈیوو ایکسپریس، ڈائمنڈ ایکسیلینسی، کینوس آرٹ گیلری، این بی پی فنڈز، اسٹیٹ لائف، المرتضیٰ مشینری، تبت ‘ جاز کیش اور جے بی ایس سمیت متعدد اسپانسر کمپنیوں کے ساتھ ساتھ لوگوں نے انفرادی طور پر فراخدلانہ حصہ لیا۔
یاد رہے کہ بہبود ایسوسی ایشن آف پاکستان ایک غیر منفعت بخش تنظیم ہے جو 55 سال سے زائد عرصے سے پسماندہ خواتین اور ان کے اہل خانہ کو بااختیار بنانے کے لیے فعال ہے۔ ہنرمندوں کی ترقی، صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم کی فراہمی کے ذریعے کمیونٹیز کی ترقی کے مشن کے ساتھ ‘آج تک بہبود نے 15 ملین سے زائد افراد کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کئے ہیں۔ یہ ادارہ پاکستان میں اپنے گھروں سے کام کرنے والے ہنرمندوں کے لیے سب سے بڑا صنعتی گھر چلانے کے ساتھ بچوں کے لیے اسکول اور فیملیز کے لیے صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات بھی فراہم کرتا ہے۔ حال ہی میں بہبود کی جانب سے راولپنڈی میں 100 بستروں پر مشتمل زچہ و بچہ ہسپتال کے قیام جیسا اہم فیصلہ کیا گیا ہے‘ یہ 68,400 مربع فٹ پر مشتمل ایک انتہائی شاندار اور جامع منصوبہ ہے جسے بطور خاص تولیدی، زچگی، نوزائیدہ اور بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔