کراچی میں امریکی قونصل خانے کے پبلک افیئرز افسر مائیکل چےڈ وک ڈاؤ یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کر رہے ہیں ۔۔
=================
کراچی: ڈا ؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل خانے کے پبلک افیئرز افسر مائیکل چیڈوک نے کہا ہے کہ فیکلٹی کو بااختیار بنانے کا پروگرام پاکستان اور امریکا کے مابین پائیدار شراکت کی مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی میں ماسٹر مینٹورز کا تربیتی پروگرام پاکستان میں میڈیکل کی تعلیم کو جدید بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا، یہ نئے تربیت یافتہ اساتذہ پاکستان بھر میں صحت کی دیکھ بھال کے مستقبل کی تشکیل، بہتر تعلیمی نتائج اور مریضوں کی اچھی نگہداشت کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے، یہ باتیں انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ پروفیشنلز ایجوکیشن (ڈی آئی ایچ پی ای) میں “امپاورنگ میڈیکل ٹیچرز ایز مینٹورز” فیکلٹی ڈویلپمنٹ ٹریننگ کورس کی تقریب میں کہیں،
تقریب میں 51 طلبا کو اسناد دی گئیں، یہ اہم تربیتی پروگرام امریکی محکمہ خارجہ کے زیرِ انتظام یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان (یو ایس ای ایف پی) اور انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن (آئی آئی ای ای) کے تعاون سے تکمیل کو پہنچا، اس موقع پر وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی پروفیسر محمد سعید قریشی، پرو وائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین،پرنسپل ڈاؤ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر صبا سہیل، فیکلٹی اور ڈی آئی ایچ پی ای کے اساتذہ نے شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر محمد سعید قریشی نے فیکلٹی کی ٹریننگ کی اہمیت پر روشنی ڈالی، کورس مکمل کرنے والے طلبا کو مبارکباد دیتے اس امید کا اظہار کیا کہ اس پروگرام سے دی گئی تعلیم کو اپنے ساتھی طلبہ اور ساتھیوں تک پہنچائیں گے اور انہیں بااختیار بنائیں گے، قبل ازیں اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاؤ انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ پروفیشنلز ایجوکیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرحان واکانی نے کہا کہ اس تربیتی پروگرام کا مقصد میڈیکل فیکلٹی میں ماسٹر ٹرینرز تیار کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی بھر کے 20 میڈیکل اور ڈینٹل اداروں سے 60 شرکا نے 6 ماہ کے اس تربیتی کورس میں حصہ لیا، جن میں سے 51 شرکا نے کامیابی کے ساتھ یہ کورس مکمل کیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ جامع تربیتی پروگرام میڈیکل فیکلٹی کو ان کے جونیئرز اور ساتھیوں کو جدید تربیت فراہم کرنے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جو طالب علم کو بہترین تعلیم کی فراہمی اور مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کا باعث بنتا ہے، اس تربیتی پروگرام کے مینٹور ڈاکٹر شاہد شمیم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ مینٹورنگ کرنا بہت اہم کام ہے اور انہوں نے کہا کہ آپ نے اس پروگرام سے جو سیکھا اسے اپنے انسٹیٹیوٹس تک پہنچائی، پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ نے کہا فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کی اہمیت کونظرانداز نہیں کیا جاسکتا، ڈاؤ یونیورسٹی نے مثال قائم کرتے ہوئے اس فیکلٹی پروگرام میں کیمپس کے علاوہ دیگر میڈیکل اداروں کی فیکلٹی کو بھی ٹرینینگ دی، ان کا کہنا تھا کہ اس سیشن میں طلبہ نے بھرپور تعاون کیا، یہ کراچی بھر کے آئیڈیاز کا مجموعہ تھا، آپ نے اس سے جو کچھ سیکھا اسے اپنے ورک پلیسز تک بھی پہنچائیں، پروگرام کے آخر میں ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے امریکی قونصل خانے کے پبلک افیئر افسر کوروایتی سندھی اجرک پہنائی اور شیلڈ بھی پیش کی۔
ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ماسٹر مینٹورز کے تربیتی کورس کا شرکا کا کراچی میں امریکی قونصل خانے کے پبلک افیئرز افسر مائیکل چےڈ وک وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی ودیگر کے ہمراہ گروپ ۔