لاہور(مدثر قدیر )پاکستان سوسائٹی آف نیورولوجی پنجاب چیپٹر اور شعبہ نیورولوجی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے اشتراک سے دماغ کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پٹیالہ بلاک میں ہوا جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز جبکہ چیف آرگنائزر شعبہ نیورولوجی کے انچارج اور سی ای او میو ہسپتال پروفیسر احسن نعمان تھے ۔تقریب میں شعبہ نیورولوجی سے وابستہ طبی ماہرین نے شرکت کی اس موقع پر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عدنان اسلم نے اعصابی نظام کی بیماریوں کی روک تھام اور ان کے علاج پر مفصل لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر میں افراد کو متاثر کرنے والے اعصابی عوارض کے بارے میں آگاہی اور تعلیم کو فروغ دینا ہے۔دماغی اور اعصابی عوارض میں فالج،درد شقیقہ ،الزائمر، ڈیمنشیا،گردن توڑ بخار اور مرگی جیسے امراض شامل ہیں جو قابل علاج امراض ہیں ،احتیاطی تدابیر اور ادویات کے استعمال سے مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔تقریب سے پروفیسر اطہر جاوید،پروفیسر علی مدیح ہاشمی،پروفیسر محسن ظہیر، ڈاکٹر فہیم سعید اور ڈاکٹر سید ارسلان حیدر نے بھی موضوع کی مناسبت سے اظہار خیال کیا ۔ مہمان خصوصی پروفیسر محمود ایاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ دماغی صحت مجموعی جسمانی اور ذہنی تندرستی کا ایک اہم پہلو ہے۔دماغی صحت کو ترجیح دینا ذہنی تندرستی اور زندگی کے مجموعی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے جبکہ باقاعدہ ورزش، متوازن غذا، 8گھنے کی نیند اورذہنی طور پر حوصلہ افزا سرگرمیوں میں مشغول ہونے سے ہم صحت مند اور زیادہ پرتعیش زندگی گزار سکتے ہیں۔ آخر میں پروفیسر احسن نعمان نے حاضرین کا شکریہ ادا کیاجن کی وجہ سے اس تقریب کا حصول ممکن ہوا۔
Load/Hide Comments