اقلیتی تعلیمی ادارے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ

پریس ریلیز

اقلیتی تعلیمی ادارے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ

لاہور 10 جولائی:: صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے آج ایف بی اے بائبل سکول کا دورہ کیا جدھر انہوں نے پرنسپل ایف جی اے بائبل ریورنڈ لیاقت قیصر سے ان کی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی۔
دورے کے دوران انہوں نے سکول کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں جاری تدریسی عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر رمیش سنگھ نے طلباء اور اساتذہ سے ملاقات بھی کی۔ صوبائی وزیر کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ایف جی اے ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ، 21 لٹریسی سینٹرز، صوبہ بھر میں 27 سکول اور 04 اسٹیچنگ سینٹرز بھی ہمارے ساتھ منسلک ہیں اور اقلیتی خواتین سمیت دور دراز سے لوگ ادھر مختلف کورسز کرنے آتے ہیں ۔

صوبائی وزیر نے سکول کی تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ اقلیتی تعلیمی ادارے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے سکول انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت اقلیتوں کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

رمیش سنگھ اروڑہ روڑہ نے مزید کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب حکومت آئ ٹی کی دنیا میں تاریخی انقلاب لانے کے لیے پانچ شہروں میں آئ ٹی سٹیز بنانے جا رہی ہے جبکہ محکمہ سکول ایجوکیشن کے اشتراک سے ڈیجیٹل پلیٹ فارم بنا رہے ہیں تاکہ ایک شہر سے بیٹھ کر دوسرے شہروں میں ڈیجیٹل لٹریسی کو فروغ دیا جا سکے۔

سکول انتظامیہ نے صوبائی وزیر کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کی حمایت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
=========================

کشمیر میں مسافر جیپ دریا میں گرنے سے 13 افراد ہلاک، تین زخمی

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مسافر جیپ دریا میں گرنے سے 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
کشمیر کی ریاستی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشنز سعید الرحمان قریشی کے مطابق مسافر جیپ وادی نیلم سے مظفرآباد آ رہی تھی جب یہ دیولیاں کے مقام پر دریا میں جا گری۔
سعید الرحمان قریشی نے اردو نیوز کو بتایا کہ جیپ میں موجود 15 میں سے 12 مسافر ہلاک ہو گئے جبکہ دو بچے حادثے میں بچ گئے۔ تاہم اس مقام پر گھاس کاٹنے میں مصروف ایک مقامی خاتون حادثے کی زد میں آ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔
حادثے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق گاڑی میں ڈارئیور سمیت 17 افراد سوار تھے جن میں سے چھ مرد، چار خواتین اور تین بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
سعید الرحمان قریشی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے تاہم حادثے کی وجوہات کا فوری طور پرعلم نہیں ہو سکا۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے اس حادثے پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
9 جون کو وادی نیلم ہی میں کیل سے تاؤبٹ جانے والی ایک جیپ کریم آباد کے قریب دریائے نیلم میں جا گری تھی جس میں کم سے کم 16 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
مقامی حکام نے کہا تھا کہ جیپ میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے۔
گاڑی کی چھت سے چھلانگ لگانے والے ایک مسافر نے بتایا تھا کہ سڑک کی دیوار سرکنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔