پریس ریلیز
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کا دوسرا مرحلہ
بروز پیر 8 جولائی 2024ء سے شروع ہورہاہے جس میں 75 ہزار 500 سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہوں گے۔
بروز پیر 5 اگست 2024ء تک جاری رہنے والے امتحانات میں صبح اور شام کی شفٹوں میں انٹرمیڈیٹ حصہ اول و حصہ دوم کامرس ریگولر، کامرس پرائیویٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ، خصوصی امیدواروں اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن بشمول امپروومنٹ آف گریڈ/ڈویژن، ایڈیشنل سبجیکٹس، بینیفٹ کیسز، شارٹ سبجیکٹس، ٹی پی (بارہ پرچے) اور اسپیشل چانس کے امیدواروں کے امتحانات لیے جائیں گے۔ صبح کی شفٹ میں صبح 9بجے سے 12بجے تک آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ، خصوصی امیدواروں اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے امتحانات ہوں گے جس میں 21ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہوں گے جبکہ شام کی شفٹ میں دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک کامرس ریگولر اور کامرس پرائیویٹ گروپس کے امتحانات لیے جائیں گے جس میں 54ہزار 500سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔ ان امتحانات میں صبح اور شام کی شفٹوں میں 128 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جس میں 41امتحانی مراکز

صبح کی شفٹ میں جبکہ 87 شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں۔ صبح اور شام کی شفٹوں میں 31 امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے پہلے مرحلہ کے کامیاب انعقاد کے بعد دوسرے مرحلہ میں امتحانات کے پرامن و بلاتعطل انعقاد اور طلباء کی سہولت کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ، یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ، سیکریٹری کالجز ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ حکومت سندھ، ڈی جی کالجز سندھ، ڈائریکٹر کالجز کراچی ریجن، کمشنر کراچی، ڈائریکٹر جنرل رینجرزسندھ، آئی جی پولیس،ڈی آئی جیزاور کے الیکٹرک کو خطوط لکھ دیئے گئے ہیں تاکہ امتحانات کے دوران امن و امان، امتحانی مراکز کی سیکیورٹی اوربجلی کی بلاتعطل فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔ امتحانی مراکز پر ٹھنڈے پانی کے ساتھ فرسٹ ایڈ باکس اور ضروری ادویات کی سہولت بھی موجود ہوگی۔امتحانات میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور نقل کی روک تھام کیلئے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں کنٹرول روم بنایا گیا ہے،کسی بھی شکایت کی صورت میں کنٹرول روم سیل کے نمبر 021-99260200 یا 0334-3666104 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔پہلے مرحلہ کی طرح دوسرے مرحلہ میں بھی نقل روکنے کیلئے بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں۔ امتحانی مراکز میں موبائل فون، ٹیبلٹس، آئی پیڈ، لیپ ٹاپ اور الیکٹرانک ڈیوائس لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔امتحانات کے دوران امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہوگی جس کے تحت امتحانی مراکز کے اطراف فوٹو اسٹیٹ مشینوں کی دکانیں کھولنے، امتحانی مراکز میں غیرمتعلقہ افراد کی آمدورفت اور وہاں موبائل فونز کے استعمال پر سختی سے پابندی ہوگی۔ امتحانات میں نقل روکنے کیلئے بورڈ کی جانب سے سینئر اساتذہ پر مشتمل 13 سپر ویجی لینس ٹیمیں بھی بنائی گئی ہیں جو امتحانی مراکز کا دورہ کر کے امتحانی عمل اور وہاں موجود سہولیات کا جائزہ لیں گی۔ انٹربورڈ کراچی کے تصدیق شدہ آفیشل فیس بک پیج اور انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ساتھ ویب سائٹ اور آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی معلومات روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کی جارہی ہیں تاکہ طلبہ کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔