میرپورخاص رپورٹ تحسین احمدخان~
ڏویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی نے کہا ہے کہ آموں کی نمائش کا کامیاب ہونا ٹیم ورک کا نتیجہ ہے . ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کمیٹی ہال میں 56ویں سالانہ آموں کی نمائش کو کامیاب بنانے کے سلسلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مینجمنٹ کمیٹی کے ممبران اور افسران کی حوصلہ افزائی کے لیے شیلڈ تقسیم کرنے کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا . انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب آموں کی نمائش سے نہ صرف میرپورخاص کے آم بلکہ میرپورخاص کا نام پورے ملک و دنیا میں روشناس ہوا ہے اور اس کے ثمرات آنا بھی شروع ہوگئے ہیں اور بہت جلد شپنگ کمپنی میرپورخاص کا دورہ کریگی اور میرپورخاص کے آموں کے برآمدات کے لیے ٹریڈ ڈولپمنٹ اتھارٹی سے رابطے میں ہیں اس کے علاوہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مینگو فیسٹیول ہال کو پورے سال فعال بنایا جائے گا . اس موقع پر ضلع کونسل چئیرمین میر انور علی ٹالپر نے کہا کہ اس سال آموں کی نمائش میں کافی تبدیلیاں نظر آئیں جس کی وجہ سے میرپورخاص کے شہریوں کو بہتر تفریحی ماحول ملا . انہوں نے مزید کہا کہ میرپورخاص کی 70فیصد آبادی دیہات
میں رہتی ہے جو زراعت پر انحصار کرتی ہے اور کہا کہ اس سال میرپورخاص میں پانی کی کمی کی وجہ سے آموں کی پیداوار کم ہوئی ہے اس لیے سولر ٹیوب ویل لگائے جائیں اور کہا کہ آموں کی نمائش کا کامیاب ہوناباہمی اتفاق سےکام کرنے کا نتیجہ ہے . اس موقع پر مئیر عبدالرؤف غوری نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن میرپورخاص کی جانب سے آموں کی نمائش کو کامیاب بنانےمیں میونسپل کارپوریشن نے بھی حصہ لیا اور کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ میرپورخاص کو سرسبز و شاداب بنانے اور گرین بیلٹ بنانے کے لیے باغات کو بچایا جائے . اس موقع پر چئیرمین مینگو فیسٹیول کمیٹی رئیس عارف خان بھرگڑی نے کہا کہ پانی کی کمی کی وجہ سے میرپورخاص سے آموں کے باغات ختم ہو رہے ہیں اس لیے محکمہ زراعت حکومت سندھ کو سفارش کی جائے کہ آموں کے باغات کے بچاؤ کے لیے ڈرپ ایگریگیشن سسٹم لگایا جائے تاکہ آموں کی مزید پیداوار بڑھ سکے . بعد ازاں آموں کی نمائش میں اپنی ذمہ داری احسن انداز کرنے والے ضلعی افسران ،مینیجمنٹ کمیٹی کے ممبران ، آبادگاروں ،پولیس ، روینیو ، میونسپل کارپوریشن ، محکمہ اطلاعات کے افسران و دیگر کو شیلڈیں تقسیم کی گئیں .