میرپورخاص رپورٹ تحسین احمدخان ~
ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے کہا ہے کہ ماہ محرم الحرام قربانی و ایثار کا درس دیتا ہے اور عشرہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت میں برقرار رکھا جائے گا . ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ضلع امن کمیٹی اور ضلع بھر کے مختلف امام بارگاہوں کے منتظمین سے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا . انہوں نے مزید کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے گذر گاہوں میں صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے جائیں گے اور اس ضمن میں کسی بھی مسئلے کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں اور 15مددگار پولیس سینٹر میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے اور تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی بھی کی جائے گی . ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ماتمی جلوسوں کے ساتھ ایمبولینس ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے . انہوں نے حیسکو کے ایکسیئن علی رضا بھٹی کو ہدایت کی کہ عشرہ محرم میں مجالس کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے
. اس موقع پر مئیر عبدالرؤف غوری نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ماتمی جلوسوں کی گذرگاہیں کی صفائی ستھرائی اور پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے گا اور پینے کے پانی کی فراہمی کو بھی ممکن بنایا جائے گا .اس موقع پر ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن ریٹائرڈ اسد علی چودھری نے بتایا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے ماہ محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کا کانٹیجسی پلان بنایا گیا ہے اور ضلع بھر میں 107 جلوس نکالے جائیں گے جس میں سے 25 جلوس انتہائی حساس ہیں اور بتایا کہ ضلع بھر میں ہونے والے مجالس اور جلوسوں کی حفاظت کے لیے 1500پولیس اہلکار ڈیوٹی پر معمور ہوں گے جبکہ رینجرز اور ایک فوج کا جوان بھی معمور ہو گا اور بتایا کہ کسی بھی مذہبی مسئلے کے حل کے لیے تحصیل سطح پر کوآرڈینیشن کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی . اجلاس میں ضلع امن کمیٹی کے ممبران حافظ مولانا صادق سعیدی ، مولانا حفیظ الرحمن فیض ، مولانا التماس صابر ، مولانا محمد بخش قادری ، مولانا سید ضیاء حیدر نقوی ، سید عمیر نقوی ، سید حمزہ علی نقوی ، واحد حسین پہلوانی ، ڈاکٹر سید ثاقب کاظمی ، مولانا سید ضیاء الحسن کاظمی ، مختلف امام بارگاہوں کے منتظمین سید صغیر نقوی ، سید جعفر کاظمی ، سيد تصور رضا کاظمی ، سجاد رند ، امام بارگاہ عزا خانہ چاکی پاڑہ کے سید محمد علی نقوی ، سید مرتضیٰ نقوی ، مظہر گورچانی ، تمام تحصیلوں کے اسٹنٹ کمشنرز ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر جیرام داس ، اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی***