لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزرا صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کا ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ، ہسپتال میں جاری 17روزہ ہڑتال ختم کروا دی۔ انہوں نے دورے کے دوران فیکلٹی ممبران،ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف سے خصوصی ملاقات کی۔ وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمود ایاز، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان، پرنسپل ڈاکٹر محمد عمران حسن خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وائی ڈی اے کی طرف سے ہڑتال کا خاتمہ اسسٹنٹ پروفیسر کڈنی ٹرانسپلانٹ اینڈ یورالوجی جناح ہسپتال ڈاکٹر شبیر چوہدری کی کوششوں سے ممکن ہوا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کو سب سے زیادہ بجٹ فراہم کر رہی ہے اور چلڈرن وارڈ جیسے سانحات سے بچنے کے لئے سسٹم کو مزید بہتر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال میں صوبے
میں 540 ارب روپے صحت کی سہولیات پر خرچ کئے جائیں گے اور ایک ہزار نئے ڈاکٹروں کی بھرتی کے لئے ریکوزیشن پبلک سروس کمیشن کو بجھوا دی ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ حادثے کے وقت بچوں کی جان بچانے والے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹری ایک مسیحائی شعبہ ہے جس سے دنیا اور آخرت دونوں سنورتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے کسی ہسپتال میں مریض کو بیڈ خالی نہ ہونے کی وجہ سے علاج سے محروم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چند عناصر ذاتی مفادات کے لئے تنظیموں کو حکومت سے لڑاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غلطیوں کو ٹھیک کر کے ایسے واقعات دوبار ہ نہیں ہونے دیں گے۔ غریب عوام کو ڈائیلسزکی سہولیات فراہم کرنے پر مرحوم شیخ محمد یونس (ستارہ امتیاز)کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔دورے کے دوران خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اختر محبوب کے گھر بھی گئے اورزخمی ہونے والے ملازم عدنان کے گھر بھی گئے اور عیادت کی اور کہا کہ اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بچوں کو بچانے والا عملہ داد کا مستحق ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر اختر محبوب نے کہا کہ صوبائی وزرا صحت اور وائس چانسلرز نے میرے گھر آ کر ہماری دلجوئی کی جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔