کراچی: شدید گرمی کے بعد تیز ہواؤں کیساتھ بارش-

کراچی: شدید گرمی کے بعد تیز ہواؤں کیساتھ بارش
ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی جو آج انتہائی گرم اور مرطوب موسم کی لپیٹ میں تھا تاہم اچانک گہرے بادلوں نے اسے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی شروع ہو گئی۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش جاری ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ کراچی کے شمال مشرقی حصے میں گرج چمک کے بادل ہیں جن کے باعث بارش ہوئی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی کے چند علاقوں میں اچھی بارش ہوسکتی ہے جبکہ دو سے تین دن شام کے وقت ہلکی اور معتدل بارش ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارش اور آندھی سے کچھ حد تک درجۂ حرارت کم ہو جاتا ہے، کل سے گرمی کی شدت میں کمی آجائے گی، اگلے دو دن تک درجۂ حرارت 37 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ تھرپارکر، عمرکوٹ میں بارش ہورہی ہے اور نواب شاہ کی طرف بڑھ رہی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والے بادل گلشنِ معمار اور مضافات میں داخل ہونے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بارش جاری ہے۔

ملیر، گڈاپ، سپرہائی وے، گلشنِ معمار، گلستانِ جوہر، گلشن اقبال، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، آئی آئی چندریگر روڈ، گارڈن سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔

اس سے قبل آج دن میں شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں تھا، دوپہر 2 بجے پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا، جبکہ گرمی کی شدت 53 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی تھی، شہر کی فضا میں نمی کا تناسب 47 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
===================

رہائش کیلئے دنیا کے بہترین شہروں کی فہرست میں پاکستان کا ایک شہر شامل
کیا آپ کو معلوم ہے کہ رہائش کے لیے دنیا کا بہترین شہر کونسا ہے؟

اگر نہیں تو جان لیں کہ یہ یورپی ملک آسٹریا کا دارالحکومت ویانا ہے جسے مسلسل تیسرے سال دنیا میں رہائش کے لیے بہترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) نے 2024 کے لیے دنیا بھر میں رہائش کے لیے بہترین شہروں کی فہرست جاری کی ہے۔

ویانا کو اس کے مستحکم انفرا اسٹرکچر، ثقافت، تعلیم، طبی سروسز اور تفریح کے ذرائع کے باعث دنیا میں رہائش کے لیے بہترین شہر قرار دیا گیا۔

ویانا کے بعد دوسرے نمبر پر یورپی ملک ڈنمارک کا شہر کوپن ہیگن موجود ہے جو گزشتہ سال بھی اسی نمبر پر موجود تھا۔

سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ کے حصے میں تیسرا نمبر آیا جس کے بعد آسٹریلیا کا شہر میلبرن چوتھے نمبر پر رہا۔

کینیڈا کا شہر کیلگری اور سوئس شہر جنیوا مشترکہ طور پر 5 ویں جبکہ آسٹریلیا کا شہر سڈنی اور کینیڈین شہر وینکوور مشترکہ طور پر 7 ویں نمبر پر رہے۔

ٹاپ 10 میں ایشیا کا صرف ایک شہر شامل ہے جو جاپانی شہر اوساکا ہے جس کے حصے میں 9 واں نمبر آیا جبکہ نیوزی لینڈ کا شہر آک لینڈ بھی رہائش کے لیے دنیا کا 9 واں بہترین شہر قرار پایا۔

اس فہرست میں پاکستان کا ایک ہی شہر شامل ہے اور وہ کراچی ہے، جو 173 میں سے 169 ویں نمبر پر موجود ہے، گزشتہ سال بھی کراچی کے حصے میں یہی نمبر آیا تھا۔

اگر رہائش کے لیے سب سے غیر موزوں شہروں کی بات کی جائے تو شام کا شہر دمشق 173 ویں نمبر پر ہے جس کے بعد لیبیا کا شہر تریپولی (172)، الجزائر (171) اور نائیجرین شہر لاگوس (170) موجود ہے جبکہ ڈھاکا کے حصے میں 168 واں نمبر آیا۔