ایران میں قید 40 پاکستانی ماہی گیر قید، سزا مکمل ہونے کے باجود بھی رہائی نہ مل سکی۔

کراچی: ایران کی جیل میں قید چالیس پاکستانی ماہی گیروں کو سزا مکمل ہونے کے باوجود رہائی نہ مل سکی۔ ان ماہی گیروں کا تعلق بلوچستان اور کراچی سے ہے جو ایران کے شہر “میناب” کی جیل میں قید ہیں۔
فیملی ذرائع کے مطابق دس ماہی گیر لانچوں پرمشتمل چالیس کے قریب ماہی گیروں کو پانچ سال قبل ایرانی فورس نے تحویل میں لے لیاتھا۔ اور انہیں میناب کی جیل منتقل کردیا تھا۔ جبکہ پاکستانی ماہی گیروں کو ایرانی حکام نے تین سال کی سزاسنائی۔ جو دوسال قبل مکمل ہوگئی۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ پانچ سال سے ایرانی جیل میں قید ہے جبکہ ان کی سزا مکمل ہوگئی ہے۔ وہ بغیر سزا کے جیل میں قید ہیں۔ پاکستانی ماہی گیروں میں کراچی سے تعلق رکھنے والے شیراز ولد بخشی، سکندرعلی ولد محمدحسین ،مظفرولد غلام مصطفی ،سلیمان ولد محمدحنیف ،غلام رسول ولد بورل ،مہربخش ولد عمربخش ،صمدولد گوریچ اور حسین ولد عبدالرزاق سمیت دیگر ماہی گیر شامل ہیں جبکہ پسنی بلوچستان سے

تعلق رکھنے والے ماہی گیروں میں جلال احمد ولد ساحل ،راشدعلی ولد وشدل اور سرتاج اور دیگر شامل ہیں ماہی گیروں کی فیملیز نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیرخارجہ اسحاق ڈاراور بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی سے اپیل کی ہے کہ ایرانی جیل میں قید ماہی گیروں کی رہائی کے لیئے حکومت ایران سے رابطہ کرکے ماہی گیروں کو رہائی دلائی جائے۔