ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ فائنل میں پہنچ گیا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔
ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا۔
افغانستان کی پوری ٹیم
جنوبی افریقہ کے سامنے افغانستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کوئی بھی بیٹر جنوبی افریقی بالرز کا مقابلہ نہیں کر سکا۔
افغانستان کے 3 کھلاڑی رحمٰن اللّٰہ گرباز، محمد نبی اور نور احمد بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے جبکہ عظمت اللّٰہ عمرزئی کے سوا کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہو سکا۔
ابراہیم زدران 2، گلبدین نائب 9، عظمت اللّٰہ عمرزئی 10، خیروت 2، کریم جنت اور کپتان راشد خان 8، 8 جبکہ نوین الحق اور فضل الحق فاروقی 2، 2 رنز بنا سکے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو جینسن اور تبریز شمسی نے 3، 3 جبکہ کگیسو رباڈا اور اینریچ نورجے نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ میں رچرڈ ایلنگ ورتھ اور نتن مینن آن فیلڈ امپائر کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں جبکہ رچرڈ کیٹلبرو ٹی وی امپائر اور احسن رضا فورتھ امپائر ہیں۔
پہلے سیمی فائنل کے لیے ایک اضافی دن بھی رکھا گیا تھا، بارش کی صورت میں سیمی فائنل کل ریزرو ڈے پر مکمل ہوتا۔
واضح رہے کہ افغانستان نے سپر 8 مرحلے میں ایونٹ کی خطرناک ٹیم آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔
اس کے بعد افغانستان کی ٹیم نے بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئیس سسٹم کے تحت 8 رنز سے شکست دے کر پہلی بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم نے سال 2009 اور 2014 میں سیمی فائنل کھیلا تھا لیکن اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔