لاہور(جنرل رپورٹر)میٹرک امتحانات میں نقل کروانے اور بدعنوانی بارے انکوائری کمیٹی نے اپنی سفارشات اور رپورٹ وزارتی کمیٹی کے سامنے پیش کر دی۔ رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں ملوث عناصر کیخلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔ بدعنوانی میں ملوث 64 افراد کیخلاف مقدمات درج جبکہ 56 کو گرفتار کروایا گیا ہے۔ اسی طرح 9700 سپروائزری، امتحانی و نگران عملے کو فوری ذمہ داریوں سے ہٹایا گیا۔ 280 سپروائزری و نگران عملے کے بدعنوانی میں ملوث ہونے پر پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ امتحان میں نقل کرنیوالے 504 طلباء کیخلاف یو ایم سی کیسز بنائے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے امتحانات میں نقل کے زمہ داران کے تعین کے حوالے سے قائم کی گئی وزارتی کمیٹی کے
اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق، محکمہ داخلہ، ہائیر ایجوکیشن اور سپیشل برانچ کے افسران نےشرکت کی۔ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے کمیٹی کی سفارشات اور اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ مجموعی طور پر پنجاب میں 43 لاکھ 32 ہزار 480 طلباء کیلئے 6483 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین کا کہنا تھا کہ آئندہ کسی بھی پرائیویٹ سکول یا کالج میں امتحانی سنٹر نہیں بنے گا۔ آئندہ امتحانات میں تمام پرچوں پر بار کوڈ اور واٹر مارک پرنٹ ہو گا۔ نگران عملہ 2 دن سے زائد کسی بھی امتحانی مرکز میں تعینات نہیں کیا جائے گا۔ سی سی ٹی وی کیمروں اور سپیشل برانچ کے افسران کے ذریعے امتحانی مراکز کی موثر نگرانی ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ طلباء کی شکایات کے بروقت ازالے کیلئے آن لائن پورٹل اور ہیلپ لائن کا اجراء کیا جائے گا۔ 500 سے کم طلباء کی موجودگی میں سنٹر نہیں بنایا جائے گا جبکہ تنگ گلیوں میں واقع سکولوں کی بجائے کھلے علاقوں میں سنٹرز بنائے جائیں گے۔ اجلاس میں طلباء اور والدین کو پارکنگ سمیت دیگر مسائل سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی.
===================
پنجاب یونیورسٹی میں قومی رحمت للعالمین و خاتم النبین ﷺ اتھارٹی پنجاب کے زیر اہتمام ’خطبہ حجتہ الوداع: انسانی حقوق کا عالمی منشور‘ پر سیمینار بروز بدھ (آج) صبح10بجے الرازی ہال میں منعقد ہوگاجس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔تقریب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، چیئرمین قومی رحمت للعالمین و خاتم النبین ﷺ اتھارٹی پاکستان خورشید احمد ندیم، سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی، چیئرمین طہٰ قریشی فاؤنڈیشن طہٰ قریشی، ڈین فیکلٹی آف علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر حماد لکھوی ودیگر شرکت کریں گے۔
====================
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سکولوں میں ہفتہ کا دن یومیہ چھٹی کا دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیچرز کمیونٹی کی آسانی کیلئے ہفتہ کا دن بطور ویکلی آف قرار دینے کا اعلان کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ تعلیم کی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اساتذہ پر ورک لوڈ زیادہ ہونے کے باعث ہفتہ کے دن کی چھٹی کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہفتہ کے روز چھٹی کی وجہ سے سکولوں میں سوموار سے جمعہ تک یومیہ تدریسی اوقات کار بڑھائے جائیں گے جبکہ ہفتہ کا دن اساتذہ کی ٹریننگ، کپیسٹی بلڈنگ، لیسن پلاننگ اور دیگر متعلقہ امور کیلئے مرحلہ وار استعمال ہوا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کی پروموشن کے مسائل بھی جلد حل ہونے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں ریفارمز لائی جا رہی ہیں جن کا ہنگامی بنیادوں پر اطلاق ہوگا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ بہت جلد 14 ہزار اے ای اوز اور ایس ایس ای کی ریگولرلائزیش پلان بھی آ رہا ہے۔
==================