جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی
بدامنی، مہنگائی، بیرزگاری اور سیپکو کی ناجائزیوں سے تنگ آکر 4 ہندو خاندان بھارت چلے گئے، گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 24 خاندان پاکستان چھوڑ کر بھارت نقل مکانی کرچکے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال سمیت ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بیروزگاری اور سیپکو حکام کی ناجائزیوں سے تنگ آکر جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے 4 مزید ہندو خاندان پاکستان چھوڑ کر بھارت چلے گئے ہیں، گزشتہ روز جیکب آباد کے کاروباری ہندو کشور سنگھ، انوپ سنگھ، کرپال سنگھ اور سنی کمار اپنے خاندان سمیت جعفرایکسپریس کے ذریعے لاہور روانہ ہوگئے جہاں سے وہ واہگہ بارڈر کے راستے بھارت جائیں گے، جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر بھارت جانے والے خاندانوں کو الوداع کرنے کے لیے بڑی تعداد میں ہندو برادری کے لوگ پہنچے جہاں بھارت جانے والے خاندان کے افراد روتے ہوئے اپنے عزیز و اقارب سے گلے ملتے رہے اور اپنے شہر کی زمین کو بوسہ دیکر ٹرین میں سوار ہوئے، جیکب آباد سے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 24 سے زائد خاندان بھارت نقل مکانی کرچکے ہیں، بھارت جانے والے انوپ سنگھ نے ریلوے اسٹیشن پر صحافیوں کو بتایا کہ اپنا ملک، گھراور کاروبار چھوڑ کر جانا آسان فیصلہ نہیں لیکن کیا کریں حالات ایسے ہوچکے ہیں کہ مجبوری میں بھارت جارہے ہیں، بدامنی، مہنگائی، بیروزگاری اور سیپکو حکام کی ناجائزیوں نے زندگی اجیرن بنا دی تھی ایسا کوئی دکھ یا تکلیف نہیں جو ہمیں نہیں ملی اس لیے اپنا ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں، بھارت نقل مکانی کرنے والے ہندو خاندان گزشتہ ایک صدی سے سندھ میں آباد تھے۔
جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد ضلع میں سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف، 60کروڑ کے فنڈز میں خردبرد،متاثرین کی فہرست میں شامل 8 ہزار سے زائد من پسند افراد پہلی قسط لیکر غائب، گھروں کی تعمیر نہ ہوسکی، عدالتی حکم پر اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد ضلع میں سیلاب متاثرین کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے 1 لاکھ 12 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں، ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق سماجی تنظیم سرسو کی جانب سے 8 ہزار سے زائد من پسند افراد کو گھروں کے تعمیر کی پہلی قسط 75 ہزار روپے جاری کئے گئے جن کو رقم جاری کی گئی وہ بینیفشریزرقم حاصل کرکے غائب ہوگئے ہیں سندھ حکومت کی جانب سے اتنی بڑی رقم جاری کرنے کے باوجود گھروں کی تعمیر شروع نہیں ہوسکی ہے اطلاعات کے مطابق سماجی تنظیم کی جانب سے ان بینیفشریز سے رشوت لیکر ان کو کام نہ کرانے کی اجازت دی گئی ہے، سماجی تنظیم سرسو کی جانب سے اتنی بڑی رقم میں خردبرد کے معاملے کو حکام کے سامنے نہیں رکھا گیا اور نہ ہی سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز کو ایسی نااہلی و کرپشن کے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہے جس کے باعث سندھ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے شروع کئے گئے منصوبے پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں، سیلاب متاثرین کے فنڈز میں ہونے والی کرپشن کے خلاف اینٹی کرپشن کی جانب سے تحقیقات شروع کی گئی ہے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں سرسو کے حکام کے خلاف شہریوں غلام حسین شاہ، زاہد حسین بروہی اور محمد نواز رند کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سرسو کی ٹیمیں گھروں کی تعمیر کے لیے رشوت طلب کررہی ہیں رشوت نہ دینے پر سروے میں نام آنے کے باوجود گھر کی تعمیر کے لیے قسط جاری نہیں کی گئی درخواست گزاروں کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ سرسو کی جانب سے دوبارہ جو سروے کرائی گئی اس میں سیلاب متاثرین کے بجائے من پسند لوگوں کے نام شامل کئے گئے، عدالت کی جانب سے ایسی درخواست پر اینٹی کرپشن کو تحقیقات کرنے کے احکامات جاری کئے گئے، عدالتی حکم پر اینٹی کرپشن نے ایک ماہ قبل سرسو کے ہیڈ سمیت سرسو جیکب آباد کے ضلع منیجر کو بینیفشریز کا ریکارڈ جمع کرانے کے لیے لیٹر لکھا لیکن سرسو کی جانب سے ریکارڈ جمع نہیں کرایا گیا، اس سلسلے میں اینٹی کرپشن حکام نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کی جانب سے عدالت میں سرسو کی کرپشن کے خلاف درخواستیں جمع کرائی گئی ہے جس پر عدالت نے سرسو کے خلاف تحقیقات کرنے کا حکم جاری کیا عدالت کے حکم پر سرسو حکام کو ریکارڈ پیش کرنے کے لیے لیٹر جاری کیا لیکن انہوں نے لیٹر کو نظر انداز کردیا اب دوبارہ انہیں ریکارڈ جمع کرانے کے لیے لیٹر بھیجیں گے اگر اب بھی انہوں نے ریکارڈ جمع نہیں کرایا تو پھر سرسو کے ہیڈ اور ضلعی منیجر کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔
جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں گرمی کی شدت میں بے پناہ اضافہ، پارہ 48 اور شدت 52 ڈگری محسوس کی جانے لگی، شہر کی سڑکیں سنسان، کاروبار متاثر، بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد گرمی کی شدت میں ایک بار پھر بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے پارہ 48 جبکہ شدت 52 ڈگری محسوس کی جانے لگی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق چند روز مزید موسم کے گرم رہنے کا امکان ہے شدید گرمی کی وجہ سے شہر کی سڑکیں اور بازاریں سنسان ہوچکی ہیں جبکہ شہر کا کاروبار بھی متاثر ہوگیا ہے ادھر گرمی کی شدت میں اضافے کے باوجود سیپکو حکام کی جانب سے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہریوں اذیت میں مبتلا ہوچکے ہیں، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قیامت خیز گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد، نہر میں نہاتے ہوئے دو بچے ڈوب کر جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے اے سیکشن تھانہ کی حدود میں واقع موسیٰ اللہ آباد نہر میں نہاتے ہوئے لطیف آباد محلہ کے رہائشی دو معصوم بچے 10 سالہ ابرار اور 8 سالہ کراڑو ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، علاقہ مکینوں نے نہر میں بچوں کی تیرتی لاشیں دیکھ کر نہر سے نکالیں اور نجی اسپتال منتقل کی جہاں ڈاکٹر نے ان کے فوت ہونے کی تصدیق کی، بچوں کی لاشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا جبکہ علاقہ میں سوگ کا ماحول چھا گیا۔
جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں جرائم کی وارداتیں کم نہ ہوسکیں، دن دھاڑے ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتیں۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں جرائم کی وارداتیں کم نہ ہوسکیں ضلع بھر میں دن دھاڑے ڈکیتی لوٹ مار اور چوری کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، جیکب آباد کے ائیرپورٹ تھانہ کی حدود ڈنگر محلہ میں نامعلوم ڈاکو جمیل احمد سومرو کے گھر میں داخل ہوکر اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد 10 تولا سونا زیور اور 2 لاکھ روپے نقدی لیکر باآسانی فرار ہوگئے، علاوہ ازیں صدر تھانہ کی حدود بولان محلہ میں نامعلوم ڈاکو اسلحہ کے زور پر شکیل جکھرانی سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے، جیکب آباد میں بڑھتی ہوئی بدامنی کی وجہ سے شہری پریشان اور غیر محفوظ ہوکر رہ گئے ہیں، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ امن و امان بحال کرکے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جمعیت علماء اسلام سندھ کے سینئر رہنما مفتی سعود افضل ہالیجوی نے کہا ہے کہ عزم استحکام آپریشن پر تحفظات ہیں خدشہ ہے اس کا نتیجہ پہلے جیسے آپریشن جیسا ہوگا، سندھ میں امن و امان کی خراب صورتحال اور ڈاکو راج میں سندھ اسمبلی میں موجود ممبران اور سردار ملوث ہیں، ملوث سرداروں اور وڈیروں کو گرفتار کرکے قانون کے حوالے کیا جائے تب امن قائم ہوگا ورنہ دن دہاڑے رہزنوں کی وارداتوں نے عوام کو غیر محفوظ اور تنگ آمد بجنگ آمد کیلئے تیار کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، تعلقہ امیر مولانا عبدالجبار رند، ضلعی فنانس سیکریٹری حاجی محمد عباس بلوچ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسان کے لیے بنیادی ضروریات کو اتنا مہنگا کردیا گیا ہے کہ عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں،انہوں کا کہا اس سے پہلے کہ عوام زندگی سے تنگ آکر ایسا قدم اٹھائیں جس سے موجودہ ناکارہ نظام اور بے رحم حکمران تہس نہس ہو جائیں اس سے پہلے عوام کو امن و امان بہتر معیشت اور تحفظ فراہم کیا جائے۔
جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں سانپ کے ڈسنے سے نوجوان فوت۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے مولاداد تھانہ کی حدود سومرا واہی کے رہائشی نوجوان ارشاد سومرو کو سانپ نے ڈس لیا جس کے باعث وہ بے ہوش ہوگیا جیسے نازک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تو وہ راستے میں ہی فوت ہوگیا، سول اسپتال میں ڈاکٹر نے نوجوان کے فوت ہونے کی تصدیق کی جس کے بعد ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثہ کے حوالے کی گئی۔
جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں پراسرار طور پر قتل کئے گئے شخص کی جلی ہوئی لاش برآمد۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود ڈنگر گوٹھ کے قریب زرعی زمین سے 55 سالہ غلام حسین پہنور کی آگ سے جلی ہوئی اور تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی، اطلاع پر حدود کی پولیس اور ورثہ نے پہنچ کر لاش کو سول اسپتال منتقل کیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثہ کے حوالے کی گئی، مقتول کے بیٹے منیر پہنور کے مطابق والد صبح کو زرعی زمین پر کام کے لیے گیا تھا جس کے بعد دوپہر کے وقت ہم اسے کھانا بھی دیکر آئے جس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا انہوں نے بتایا کہ والد کو آگ لگا کر تشدد کرکے گلا گھونٹ کو قتل کیا گیا ہے ہماری کسی سے دشمنی نہیں قاتلوں کو ظاہر کرکے گرفتار کیا جائے۔