جیکب آباد میں دیرینہ دشمنی کے تنازعے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد قتل، ملزمان فرار۔


جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی
جیکب آباد میں دیرینہ دشمنی کے تنازعے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد قتل، ملزمان فرار۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے سٹی تھانہ کی حدود اولڈ کالج روڈ عباس پیٹرول پمپ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے عدالت پیشی پر جانے والے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کرکے دو افراد منیر پہوڑ اور حیات پہوڑ کو موقع پر قتل کردیا جبکہ ایک شخص نصیر پہوڑ کو شدید زخمی کرکے فرار ہوگئے، اطلاع پر حدود کی پولیس نے پہنچ کر لاشوں اور زخمی کو سول اسپتال منتقل کیا جہاں زخمی کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے لاڑکانہ کے اسپتال منتقل کیا گیا زخمی راستے میں ہی زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق فائرنگ میں قتل ہونے والے تینوں افراد کا تعلق نواحی علاقے جونگل کے گاؤں مہران پہوڑ سے ہے اور فائرنگ کا واقعہ پہوڑ برادری کے دوگروپوں میں زمین کے معاملے پر جاری دیرینہ تنازعے کا شاخسانہ ہے مقتولین عدالت میں حاضری کے لیے آئے تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکابندی کردی ہے تاہم آخری اطلاعات تک واقع کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد، زیادہ گوشت کھانے پر کئی شہری اسپتال پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی کے دوران زیادہ گوشت کھانے کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد بدہضمی، معدے اور گیسٹرو کی شکایت کی وجہ سے اسپتالوں میں پہنچ گئی ہے، ڈاکٹروں کے مطابق قربانی کا گوشت زیادہ کھانے کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد ڈاکٹروں کے پاس پہنچی ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ قربانی کا گوشت اعتدال سے کھائیں اور زیادہ گوشت کھانے سے گریز کریں۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں ٹماٹر کی قیمت کم نہ ہوئی، 300 روپے کلو فروخت ہونے لگا، انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں عید الاضحی کے دن اچانک ٹماٹر کی قیمت میں کیا گیا اضافہ تاحال برقرار ہے، جیکب آباد میں جمعرات کے روز ٹماٹر 300 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے، ٹماٹر کی بڑھتی قیمت پرشہریوں کا کہنا ہے کہ ضلع انتظامیہ غائب ہے منافع خور اپنی من مانی کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کئے ہوئے ہیں، شہریوں نے مطالبہ کیا کہ منافع خوروں کے خلاف کاروائی کرکے قیمتوں پر کنٹرول کیا جائے۔
====================
جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ نہ وزیر اعظم سے مانیں گے نہ تحریک انصاف کے ساتھ چلیں گے جو ملک و آئین کے ساتھ ہوگا اس کے ساتھ چلیں گے، وفاق اور سندھ کی بجٹ میں کوئی فرق نہیں بجٹ کے نام پر قوم سے مذاق کیا گیا ہے، پیپلز پارٹی کا وفاقی بجٹ سے بائیکاٹ صرف بلیک میل کرکے مفادات حاصل کرنے کے سواء کچھ نہیں پیپلز پارٹی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہی ہے یہ سب ڈرامہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں جے یو آئی کے رہنما مولانا فخرالزمان سومرو کی نمازہ جنازہ پڑھانے اور ضلعی رہنما میر حسن سہندڑو کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، ضلعی جنرل سیکریٹری سید عبدالباسط شاہ، مولانا محمد الیاس چنا، مولانا عبدالجبار رند، انجینئر حماداللہ انصاری بھی موجود تھے علامہ راشد سومرو نے بلاول بھٹو زرداری کے انتخابات کے دوران تین سو یونٹ استعمال کرنے والوں کو بجلی مفت دینے کے سوال پر کہا کہ اس کا جواب تو بلاول ہی دے سکتے ہیں صدر ان کے والد ہیں وزیر اعظم ان کے ووٹ سے بنا ہے، قومی اسمبلی ان کی بیساکھیوں پر کھڑی ہے، سندھ میں حکومت ان کی ہے، پنجاب حکومت میں شراکت داری مانگ رہے ہیں بلوچستان میں بھی ان ہی کی حکومت ہے، اس کے باوجود عوام کو کہہ رہے ہیں ہم تو اپوزیشن میں ہیں اس سے بڑا عوام سے کونسا فراڈ ہوگا منشور میں کیا گیا اعلان بھی روٹی کپڑا اور مکان جیسا کھوکھلا نعرہ تھا کہ بجلی مفت کریں گے، درحقیقت روٹی کپڑا ور مکان بھی وڈیروں، سرداروں، جاگیرداروں اور طاقتوروں کے لئے تھا مفت بجلی کا فارمولہ بھی طاقتوروں کے لئے تھا، غریب کل بھی تڑپ رہا تھا آج بھی پریشان ہے، یہ ملک اور حکومتیں ان لوگوں کو تحفظ دینے کے لئے ہیں، ملک کے اربوں روپے کے قرض معاف کرکے طاقتوروں کو مزید طاقتور بنایا جارہا ہے،غریب اور متوسط طبقے کا کوئی خیال نہیں رکھا گیا، سندھ میں لاقانونیت کے سوال پر انکا کہنا تھا کہ جب ضلع کا ایس ایس پی ڈیڑ ھ کروڑ دیکر مقرر ہوگا اور ماہانہ 50 لاکھ بنگلے پر پہنچائے گا تو افسر پچاس لاکھ ماہانہ پہنچانے کے لئے لوٹمار نہیں کریں تو پھر کیا کریں گے؟ جون میں اربوں روپے کی ترقیاتی اخراجات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اربوں اور کھربوں کے منصوبے منظور تو کئے جاتے ہیں لیکن لاکھوں روپے کا کام بھی روڈ پر مشکل سے نظر آئے گا یہاں آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے، ہمیشہ بجٹ کمیشن اور کرپشن کی نظر رہی ہے، سرزمین پر بجٹ کم لگا ہے 20سالوں سے سندھ کے حکمرانوں کی روایت رہی ہے اب بھی اسی نقش قدم پر ہیں روزانہ ایک ارب روپیہ اشرافیہ کی کرپشن کی نظر ہوا ہے، سندھ کے مختلف محکموں سے ایک ارب روپے کی وصولیاں کی جا رہی ہیں اب تو وی لاگ بن رہے ہیں کس نے ارب لیا کس نے دیا، کہا ں رکھ رہے ہیں کہاں سے اٹھا رہے ہیں،پی ٹی آئی سے محبتیں اور وزیر اعظم کی جانب سے منانے کی کوششوں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ نہ وزیر اعظم سے مانیں گے نہ پی ٹی آئی کے ساتھ چلیں گے ہم ملک کے ساتھ چلیں گے جو ملک اور آئین کے ساتھ ہوگا ہم اس کے ساتھ ہیں، 2018میں ہمارا موقف تھاکہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے اس کے نتیجے میں حکومت بن رہی ہے اس وقت عمران خان کا موقف تھا کہ دھاندلی نہیں ہوئی ہے الیکشن شفاف ہیں کیونکہ وزیراعظم عمران خان بن رہے تھے جبکہ نواز شریف اور آصف زرداری کاکہنا تھا کہ دھاندلی ہوئی ہے کیونکہ ان کو اقتدار نہیں مل رہا تھا، اب2024میں بھی جمعیت علماء اسلام کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، موقف تبدیل پیپلزپارٹی، نواز لیگ اور پی ٹی آئی کا ہوا ہے کیونکہ اب عمران خان اقتدار میں نہیں جارہے تو ان کو دھاندلی نظر آرہی ہے شہباز شریف وزیر اعظم بنے اور صدر زراری بنے ان کو عہدے ملے تو اب وہ کہتے ہیں کہ دھاندلی نہیں ہوئی یہ سوال پیپلزپارٹی، نواز لیگ اور پی ٹی آئی سے کیا جانا چاہیے، جے یو آئی 2018اور2024کے موقف پر قائم ہے، جمعیت علماء اسلام چاہتی ہے کہ حق حاکمیت عوام کو ملنا چاہئے ووٹ کا تقدس بحال کیا جائے عوام کی مرضی کے مطابق حکمران مقرر کئے جائیں، چور دروازے سے کوئی نہ آئے، جو پارلیمنٹ کے وقار اور آئین کی بالا دستی کی بات کرے گا ہم اس کے ساتھ ہیں۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
زہریلا کھانے و مٹھائی کھانے سے دو خاندانوں کے 7 بچوں سمیت 25 افراد بے ہوش ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آبادکی تحصیل ٹھل میں دو مختلف واقعات میں زہریلی مٹھائی اور کھانا کھانے سے دو خاندانوں کے 7 بچوں سمیت 25 افراد کی حالت غیر ہوگئی جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، ٹھل کے نواحی گاؤں پنھل لاشاری میں زہریلی مٹھائی کھانے سے ایک ہی خاندان کے 2 بچوں سمیت 10 افراد بے ہوگئے جنہیں مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا، بے ہوش ہونے والوں میں عبدالرحمن، حسین بخش، اسرار، ضمیر، عمران، سجاد، ساگر انڑو سمیت دیگر شامل ہیں گھر والوں کے مطابق ٹھل شہر سے مٹھائی لیکر آئے تھے جس کے کھانے سے اہلخانہ کے 10 افراد کی حالت خراب ہوگئی اور وہ بے ہوش ہوگئے جنہیں اسپتال میں داخل کیا گیا۔ علاوہ ازیں نواحی گاؤں شاہنواز بنگلانی میں باسی کھانا کھانے سے ایک ہی خاندان کے 5 بچوں سمیت 15 افراد کی حالت غیر ہوگئی جنہیں اسپتال میں داخل کیا گیا، بے ہوش ہونے والوں میں صدیق پہوڑ، فاروق، صمد، نظیر، رحیم، محمد اعظم، نبی بخش، چاکر اور امین پہوڑ سمیت خواتین زیبت خاتون، آمنہ اور دیگر شامل ہیں، اہل خانہ کے مطابق ایک دن پہلے کا باسی کھانا کھانے کی وجہ سے الٹیاں شروع ہوگئی اور سب کی طبیعت بگڑ گئی جنہیں اسپتال میں داخل کیا گیا۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی
جیکب آباد، دو کمسن لڑکے لاپتہ، ورثہ کی جانب سے اغوا کا شک۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے بی سیکشن تھانہ کی حدود گاؤں فتح محمد بنگلانی کے رہائشی2کمسن لڑکے نادر بنگلانی اور قدیر بنگلانی موٹر سائیکل پر ٹھل سے واپس اپنے گاؤں آرہے تھے کہ پراسرار طور پرلاپتہ ہوگئے، لاپتہ ہونے والوں کے ورثہ بخت اللہ بنگلانی نے اغوا کا شک ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا شیر محمد بنگلانی اور اللہ بخش بنگلانی کے ساتھ تنازعہ چل رہا ہے ہمیں شبہ ہے کہ ہمارے بچوں کو انہوں نے اغوا کرایا ہے، بچوں کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ حدود کے تھانہ پر درج کرالی گئی ہے، پولیس کے مطابق بنگلانی برادری کے دو فریقین میں تنازعہ چل رہا ہے البتہ اغوا کی تصدیق نہیں ہوئی واقع کی تحقیقات کررہے ہیں۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد، لاپتہ نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد، دہشتگردی ایکٹ کے تحت قتل کا مقدمہ درج، شبہ کی بنیاد پر 3 افراد گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے نواحی گاؤں محمد دشتی سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے نوجوان ساجد علی دشتی کی بڈھل نہر سے تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی پولیس نے لاش نکال کراسپتال منتقل کی جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثہ کے حوالے کی گئی، نوجوان کے ورثہ کے مطابق ہمارا نوجوان لاپتہ ہوگیا تھا جس کے بعد اس کی لاش برآمد ہوئی ہے، نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملنے کا ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے اے سیکشن تھانہ کی پولیس کو فلفور ملزمان کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے، پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر سیاہ کاری کے معاملہ لگتا ہے شک کی بنیاد پر 3 افراد کو گرفتار کیا ہے مزید تحقیقات کررہے ہیں، نوجوان کے قتل کا مقدمہ دہشت گردی ایکٹ کے تحت 5 ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد، تعزیت کے لیے جاتے ہوئے پرائمری ٹیچر روڈ حادثے میں فوت۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے قریب کندھکوٹ روڈ پر تیز رفتار موٹر سائیکل سے گرنے کی وجہ سے نوجوان پرائمری ٹیچر فخرالزمان سومرو فوت ہوگیا جبکہ اس کا دوست عبدالسلام سومرو شدید زخمی ہوگیا، علاقہ مکینوں نے لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے پرائمری ٹیچر کے فوت ہونے کی تصدیق کی، نوجوان کی لاش گھر پہنچنے پر گھر میں کہرام مچ گیا۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
عید کے ایام میں رہزنی اور چوری کی وارداتیں، کئی شہری موٹر سائیکلوں اور دیگر قیمتی سامان سے محروم، پولیس تماشہ دیکھتی رہی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں عید کے ایام کے دوران رہزنی و چوری کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ رہا کئی شہری موٹر سائیکلوں اور دیگر قیمتی سامان سے محروم ہوگئے جبکہ اس دوران پولیس تماشائی بنی رہی، صدر تھانہ کی مولاداد روڈ رندواہی کے علاقے میں 3 نامعلوم مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر عادل خارانی سے موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے، ایک اور واقع میں صدر تھانہ کی حدود شہباز پور محلہ کے قریب نامعلوم چور عبدالغنی لاشاری کی گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکل چوری کرکے فرار ہوگئے، علاوہ ازیں صدر تھانہ کی حدود ڈسٹرکٹ جیل کے قریب 3 نامعلوم مسلح افراد نے غلام مرتضیٰ کھوسو سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے، جبکہ آباد تھانہ کی حدود گاؤں علی نواز پہنور کے قریب قومی شاہراہ پر مسلح افراد نے فیضان سدھایو سے موٹر سائیکل چھین کر لے گئے، ایک اور واقع میں صدر تھانہ کی حدود فاروق پمپ کے قریب نامعلوم مسلح افراد عرفان جکھرانی سے بھی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے، علاوہ ازیں صدر تھانہ کی حدود بولان چوک سے مسلح افراد پہنور نوجوانوں سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔میرانپور تھانہ کی حدود چاچڑ پل کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے خداداد بروہی سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی مزاحمت کرنے پر مسلح افراد خداداد بروہی کو زخمی کرکے فرار ہوگئے جیکب آباد میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پرشہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ امن وامان کو بحال کرکے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد، بروہی برادری کے دو گروپوں میں معمولی بات پر جھگڑا، 4افراد زخمی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے قریب بقا محمد تھانہ کی حدود گاؤں شاہ محمد بروہی میں بروہی برادری کے دو گروپوں میں بچوں کی معمولی بات پر جھگڑا ہوگیا جھگڑے کے دوران ڈنڈوں اور لاٹھیوں کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں عبدالمجید، عبدالحمید بروہی سمیت 4افراد زخمی ہوگئے جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں عبدالمجید بروہی حالت نازک بتائی جارہی ہے، پولیس کے مطابق بچوں کی بات پر بروہی برادری کے درمیان جھگڑا ہوا تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تھی۔