ایرانیوں کے دل ہمیشہ پاکستانیوں کیساتھ دھڑکتے ہیں، ایرانی صدر


ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ایرانیوں کے دل ہمیشہ پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان کے لوگوں میں ایران کےلیے خاص محبت پائی جاتی ہے۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، تہذیبی، مذہبی اور ثقافتی مراسم ہیں۔ قوموں کی برادری میں نمایاں مقام حاصل کرنے کےلیے سائنس و ٹیکنالوجی پر توجہ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

غزہ سے متعلق پاکستان کے اصولی موقف کو سراہتا ہوں، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ تعلیم کے شعبے میں مربوط حکمت عملی سے بہتر نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے کلام کو ایران میں خصوصی پذیرائی حاصل ہے۔ پاکستان اور ایران علم و ہنر کے جدید مراکز اور علوم و فنون کے فروغ کے خواہاں ہیں۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایرانیوں کے دل ہمیشہ پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان کے لوگوں میں ایران کےلیے خاص محبت پائی جاتی ہے۔ ایرانی عوام بھی پاکستانیوں کےلیے اسی طرح کے جذبات رکھتے ہیں۔

پاک ایران 8 معاہدوں، مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کا رشتہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوگا۔

فلسطین سے متعلق بات کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان اور ایران کا مؤقف واضح ہے۔ مسئلہ فلسطین کا حل خطے میں امن و استحکام کےلیے ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل صرف مسلم امہ کا نہیں بلکہ پوری دنیا کےلیے اہم ہے۔ غز ہ میں اب تک ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔
=========================

گورنر سندھ نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دے دی
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری تفوض کردی۔

اس حوالے سے گورنر ہاؤس میں تقریب کے دوران گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ایران کے صدر کو اعزازی ڈگری دینا جامعہ کراچی کے لیے اعزاز ہے۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ پاک ایران سفارتی تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں، کوشش اور خواہش ہے کہ مسلم ممالک کے درمیان مثالی تعلق ہو۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہوں۔ ایران کے کئی صوبوں کا دورہ کر کے تاجروں اور صنعت کاروں سے ملاقات کرچکا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ ایرانی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں۔ ایرانی سرمایہ کار سازگار ماحول سے فائدہ اٹھائیں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ ایرانی سرمایہ کار ایس آئی ایف سی کے منصوبوں میں شمولیت اختیار کریں۔
======================

خواتین کی خود مختاری کا مطلب اپنی ثقافت کو محفوظ رکھنا ہے، ایرانی خاتون اول

خاتون اول ایران ڈاکٹر جمیلہ عالم الہٰدی نے کہا ہے کہ خواتین کی خود مختاری کا مطلب اپنی ثقافت کو محفوظ رکھنا ہے۔

خاتون اول ایران نے ہوم اکنامکس یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا جہاں انہیں یادگار بھی پیش کی گئی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر جمیلہ عالم الہٰدی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط تاریخی، ثقافتی اور مذہبی دوطرفہ تعلقات ہیں۔ ایران تعلقات، تجارت، رابطے اور توانائی میں تعاون بڑھانے کا عظیم ایجنڈا رکھتا ہے۔

آصفہ بھٹو کل ایرانی خاتون اوّل کے ساتھ مصروف رہیں

ڈاکٹر جمیلہ عالم الہٰدی نے کہا کہ عوام سے عوام کے رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا ایک عظیم ایجنڈا رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادتوں کو علاقائی اور عالمی پیش رفت اور دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کےلیے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانا ہوگا۔

ایرانی خاتون اول نے یہ بھی کہا کہ یہ دورہ پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ پاکستان اور ایران صرف ہمسایہ ملک ہی نہیں بلکہ ایک اچھے دوست بھی ہیں۔