پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام دو روزہ طبی کانفرنس اور صحت میلہ 29 اور30 اپریل بروز پیر، منگل کو مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگا

لاہور(مدثر قدیر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام دو روزہ طبی کانفرنس اور صحت میلہ 29 اور30 اپریل بروز پیر، منگل کو مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگا جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور چائینیزقونصلر جنرل ذاؤ شیرین((ZHAO SHIREN ہوں گے۔اس کا اعلان پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی نے پی ایم اے کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ اپنی نوعیت کی انتہائی اہم سائنسی اور سماجی رابطہ کانفرنس ہے جس میں ملک بھر سے شعبہ طب سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور سائنسدان شرکت کریں گے اور اپنے مقالہ جات پڑھیں گے جبکہ کانفرنس کے دوران ملک کی نامور نجی لیبارٹری اور پی ایم اے کے اشتراک سے عام عوام اور شرکاء کے لیے شوگر کے ٹیسٹ فری جبکہ lipid profile اور تھائیرائیڈز کے ٹیسٹوں پر 50فیصد اور باقی خون کے ٹیسٹوں پر 25فی صدخصوصی رعایت فراہم کی جائے گی۔پروفیسر اشرف نظامی نے مزید بتایا کہ کانفرنس کے دوران کتاب میلہ کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں پبلشرزکی جانب سے کتب کی خریداری پر 60 فیصدتک ڈسکاؤنٹ فراہم کیا جائے گا۔اور کلچرل پروگرام میں صوفی نائٹ بھی عوام کیلئے منعقد کی جائے گی۔ کانفرنس کے دوران پروفیسر محمود ایاز،پروفیسر خالد مسعود گوندل،پروفیسر فرید الظفر،پروفیسر طلعت نصیر پاشا،پروفیسر شاہدشمیم،پروفیسر سونیا نقوی، پروفیسر عبدلرشید میاں، پروفیسر محمد فاروق افضل،پروفیسر طاہر صدیق،پروفیسر محمود احمد خان، پروفیسر ماہ لقہ مقصود، پروفیسر صاحبزادہ مسعودالسید، پروفیسر عرفان محبوب، پروفیسر فیصل مسعود، پروفیسر عرفان ملک اور دیگر سینئر پروفیسرز اپنے تحقیقی مقالہ جات پڑھیں گے۔